کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس میں 1500 پوائنٹس کا اضافہ

اپ ڈیٹ 11 اپريل 2022
دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ایک ہزار 542 پوائنٹس یا 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا — فوٹو بشکریہ پی ایس ایکس
دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ایک ہزار 542 پوائنٹس یا 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا — فوٹو بشکریہ پی ایس ایکس

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں آج تیزی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس 1500 پوائنٹس سے زائد اضافے کے ساتھ 45 ہزار 500 کی حد عبور کر گیا۔

پیر کو دن کا آغاز 44 ہزار 446 پوائنٹس کے ساتھ ہوا اور دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ایک ہزار 542 پوائنٹس یا 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اسٹارک مارکیٹ پر سیاسی بے یقینی کے اثرات، 1250 پوائنٹس کی کمی

ماہرین اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کی وجہ ملک میں دو ہفتے سے جاری سیاسی عدم استحکام میں خاتمے کو قرار دے رہے ہیں۔

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے کہا کہ نئے وزیراعظم کے لیے ووٹنگ سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے بعد سیاسی غیر یقینی صورتحال بہتر ہونے کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ اور روپے کی قدر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر مزید 3 روپے 25 پیسے مہنگا، 189.25 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز میں ہیڈ آف ریسرچ رضا جعفری نے کہا کہ چند ہفتوں سے ملک میں جاری سیاسی ڈرامہ ختم ہونے کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس میں تین فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اب تمام تر توجہ معیشت اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اس بات پر ہوگی کہ وہ کتنی جلدی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے رجوع کرتے ہیں اور انتظامی بہتری لاتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں