دنیا میں ہر ہفتہ اور اتوار کو کورونا سے زیادہ اموات ہوئیں، تحقیق

18 اپريل 2022
چھٹی والے دنوں میں عام دنوں کے مقابلے 20 فیصد زیادہ اموات ریکارڈ ہوئیں، رپورٹ—فائل فوٹو: رائٹرز
چھٹی والے دنوں میں عام دنوں کے مقابلے 20 فیصد زیادہ اموات ریکارڈ ہوئیں، رپورٹ—فائل فوٹو: رائٹرز

کینیڈین ماہرین کی جانب سے کی جانی والی تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ہر ہفتے اور اتوار کے دن ہوئیں۔

کورونا کے شکار افراد میں علامتیں بھی مختلف ہوتی ہیں، بعض افراد میں خطرناک حد تک علامات پائی گئیں اور وہ کئی ماہ تک ہسپتالوں میں زیر علاج رہنے کے باوجود موت کے منہ میں جانے سے بچ گئے۔

تاہم ہزاروں ایسے افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے، جن میں بظاہر کوئی بڑی علامات بھی نہیں تھیں اور انہیں کئی دن ہسپتال میں بھی گزارنے نہیں پڑے۔

کورونا سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد بھی کم اور زیادہ ہوتی رہی اور اسی حوالے سے کینیڈا میں کی گئی ایک دلچسپ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ تر ممالک میں چھٹی والے دنوں میں کورونا سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔

’بلوم برگ‘ کے مطابق کینیڈا کی یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق سے ثابت ہوا کہ امریکا، برازیل اور برطانیہ سمیت کئی ممالک میں عام دنوں کے مقابلے ہفتہ اور اتوار کو زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔

ماہرین کی ٹیم نے عالمی ادارہ صحت ’ڈبلیو ایچ او‘ کا 7 مارچ 2020 سے لے کر 7 مارچ 2022 کا درجنوں ممالک کے اموات کے ڈیٹا کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ اوسطا چھٹی والے دنوں میں اموات 20 فیصد زیادہ ہوئیں۔

اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ دنیا بھر میں عام دنوں میں یومیہ اوسطا 8 ہزار 83 اموات ریکارڈ کی گئیں جب کہ ہفتے اور اتوار کو ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہزار 532 ہوگئی۔

رپورٹ سے معلوم ہوا کہ امریکا میں عام دنوں میں یومیہ اوسطا 1220 اموات ہوئیں جب کہ چھٹی والے دنوں میں اموات کی تعداد 22 فیصد اضافے کے ساتھ 1483 تک جا پہنچی۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ امریکا سمیت کئی ممالک میں کئی دنوں تک یومیہ اموات کی تعداد 10 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی تھی، تاہم ماہرین نے تحقیق کے دوران ممالک میں ہونے والی تمام ہلاکتوں کو اوسط دنوں میں تقسیم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد نصف ارب سے زائد ہوگئی

امریکا کی طرح برازیل میں بھی ہفتے اور اتوار کے دن عام دنوں کے مقابلے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

برطانیہ میں بھی چھٹی والے دنوں میں کام والے باقی پانچ دن کے مقابلے 11 فیصد زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

رپورٹ میں یہ بھی معلوم ہوا کہ بعض ممالک جن میں جرمنی سرفہرست ہے، وہاں پر ہفتے اور اتوار کے دوران بھی اموات کی شرح باقی دنوں کی طرح دیکھی گئی۔

ماہرین کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ چھٹی والے دنوں میں زیادہ اموات کا سبب کیا ہے، تاہم کورونا کے علاج میں بہتری اور سہولیات کو بھی بہتر بنانے کے باوجود ہفتے اور اتوار کو زیادہ اموات ہونے کے عمل میں کوئی کمی نہیں آئی۔

ماہرین نے تجویز دی کہ مذکورہ تحقیق اور ڈیٹا کی بنیاد پر تمام ممالک میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 سے چین سے شروع ہونے والی کورونا کی وبا سے اب تک 65 لاکھ سے زائد اموات ہو چکی ہیں اور سب سے زیادہ اموات امریکا، دوسرے نمبر پر برازیل اور تیسرے نمبر بھارت میں ہو چکی ہیں۔

کورونا سے اس وقت دنیا بھر میں نصف ارب سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں، جن میں 49 کروڑ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں