وزیراعظم کی پنجاب میں 10کلو آٹا 400 روپے، چینی 70 روپے فی کلو کرنے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ملک کے دیگر صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں گے—فوٹو:ڈان نیوز
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ملک کے دیگر صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں گے—فوٹو:ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت عید تک صوبہ پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت550 روپے سے کم کر کے 400 روپے اور فی کلو چینی کی قیمت 75 روپے سے کم کر کے 70 روپے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت صوبہ پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے اور فی کلو چینی کی قمیت میں 5 روپے کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت عید تک صوبہ پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت550 سے روپے سے کم کر کے 400 روپے اور فی کلو چینی کی قیمت 75 روپے سے کم کر کے 70 روپے مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب آٹے اور چینی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان اور آزاد جموں کشمیر کی مدد کرے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت ضرورت کے مطابق بحکومت بلوچستان کو اضافی ادائیگی بھی کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر سال رمضان پیکج میں آٹا سستا ملتا تھا، اس مرتبہ ایسا کوئی اقدام نہیں کیا گیا، کسی کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ ہم رمضان پیکج کے تحت سستا آٹا فراہم کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

اختر حسین Apr 20, 2022 02:02am
چور رمضان کے بعد ڈاکہ ڈالے گا عوام کی جیب پر