احسن خان اور عائشہ عمر کی ’رہبرا‘ کا ٹریلر جاری

28 اپريل 2022
فلم کو 24 جون کو جاری کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو 24 جون کو جاری کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

اداکارہ عائشہ عمر اور احسن خان کی آنے والی ایکشن رومانوی فلم ’رہبرا‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الفطر کے بعد ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

فلم کا ٹریلر تقریبا 5 سال کی تاخیر سے جاری کیا گیا، ’رہبرا‘ کی شوٹنگ 2016 میں شروع کی گئی تھی اور 2017 تک ٹیم نے اس کا 95 فیصد کام مکمل کرلیا تھا مگر مختلف وجوہات کی بنا پر فلم کی مزید شوٹنگ، ایڈیٹنگ اور نمائش پانچ سال تک موخر ہوتی رہی۔

سال 2020 میں خیال کیا جا رہا تھا کہ ’رہبرا‘ کو ریلیز کردیا گیا جائے، تاہم مارچ 2020 میں کورونا کی وبا آنے کے بعد فلم کی نمائش ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پانچ سال کی تاخیر کے بعد ’رہبرا‘ کا ٹیزر جاری، جون میں ریلیز کرنے کا اعلان

جاری کیے گئے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں جہاں شائقین کو رومانس دیکھنے کو ملے گا، وہیں وہ ایکشن بھی دیکھ سکیں گے۔

ٹریلر میں عائشہ عمر اور احسن خان کو رومانوی جوڑی کے طور پر دکھایا گیا ہے، تاہم یہ عندیہ بھی دیا گیا ہے کہ عائشہ عمر پہلے کسی اور سے محبت کرتی تھیں۔

رہبرا کو جون میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
رہبرا کو جون میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

ٹریلر میں احسن خان اور عائشہ عمر کی جوڑی کے علاوہ دوسری رومانوی جوڑی بھی دکھائی گئی ہے جب کہ احسن خان کو جرائم پیشہ افراد سے لڑتے بھی دکھایا گیا ہے۔

’رہبرا‘ کی ہدایات امین اقبال نے دی ہیں جب کہ اسے سارا افضل نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں صبا فیصل اور سینیئر اداکار شامل ہیں۔

فلم کے حوالے سے احسن خان نے ڈان کو جنوری 2020 میں بتایا تھا کہ 'فلم میں اب تھوڑا کام باقی ہے، صرف کچھ سینز کی شوٹنگ اور ایک گانا مکمل کرنا ہے۔

احسن خان نے بتایا تھا کہ عائشہ عمر اور انہیں شوٹنگ کے لیے اکٹھے وقت ملنا مشکل تھا، جس وجہ سے انہیں شوٹنگ میں کافی مشکلات پیش آئیں مگر اب فلم کو 2020 میں ریلیز کردیا جائے گا مگر ایسا نہ ہو سکا تھا۔

’رہبرا‘ کی شوٹنگ پاکستان کے تقریبا چاروں صوبوں میں کی گئی ہے، اس کے گانے اور رومانوی سین کراچی سے لے کر لاہور اور قصور سے لے کر کوئٹہ تک فلمائے گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں