وزیراعظم کا ترک صدر، امیرقطر سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 02 مئ 2022
وزیراعظم نے مسلم رہنماؤں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی—فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم نے مسلم رہنماؤں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی—فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان، قطر کے امیر شیخ تمیم الثانی، بحرین کے فرماں روا اور کویت کے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مبارک باد دی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دورہ پاکستان کی دعوت بھی دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے خوشی کے موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے رابطہ کیا اور مبارک باد دی اور قطری کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شیخ تمیم بن حمد الثانی نے بھی پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور دونوں رہنماؤں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات پر اظہار اطمینان کیا اور موجودہ سیاسی اور معاشی تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے منصب کا حلف اٹھالیا

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے امور پر مل کر جام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امیر اطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جبکہ شیخ تمیم نے بھی وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے بحرین کے فرماں روا اور بحرینی عوام کو عید کی مبارک باد دی

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے شاہ حماد عیسیٰ الخلیفہ کو بھی ٹیلی فون کیا اور عیدالفطر کی مبارک باد دی اور بحرینی عوام کی خوش حالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کی حکومت کی جانب سے کووڈ-19 کے دوران وہاں موجود پاکستانی برادری کے لیے کیے گئے اقدامات پر انہیں سراہا۔

بحرین کے فرماں روا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم دہرایا اور کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ان کے اہداف کے حصول کے لیے کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر ٹھوس مؤقف پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، ترک حکومت، قیادت اور ترک عوام کو عید الفطر کی مبارک باد دی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کو ترک صدر کا فون، وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

بیان کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کو مبارک باد دی اور وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر ایک مرتبہ پھر مبارک باد دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات پر اظہار اطمینان کیا اور دوطرفہ مفادات، خاص کر تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر تمام امور پر تعلقات مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیاں اجاگر کرتے ہوئےترک کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ ان پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے شان دار 75 سال مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر اصولی اور ثابت قدم مؤقف پر طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے اہم اقدامات پر بھی بات کی اور سنگینی کا نمایاں کیا۔

دونوں رہنماؤں نے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ بدستور رابطے میں رہنے کا عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صرف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ ترک صدر نے بھی شہباز شریف کو ترکی کے دورے کی دعوت دی۔

وزیراعظم آفس نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح پر تبادلہ خیال جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

کویتی وزیراعظم صباح خالد کو عیدالفطر کی مبارک باد

وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور عید کی مبارک باد دی اور کویت کے عوام کو بھی عید کی خوشیوں پر مبارک باد دی جبکہ کویتی وزیراعظم نے بھی مبارک دی۔

کویتی وزیراعظم نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور دونوں رہنماؤں نے بردرانہ تعلقات آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا اور مشترکہ مفادات کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کویت میں مقیم اور کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کا خیال رکھنے پر کویتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

تبصرے (0) بند ہیں