خضدار: زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری

علاقے کے ایم پی اے محمد اکبر مینگل نے بھی زلزلہ سے متاثر علاقوں کا دورہ کیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
علاقے کے ایم پی اے محمد اکبر مینگل نے بھی زلزلہ سے متاثر علاقوں کا دورہ کیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل ودھ کے علاقے اورناجی میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کا کام تیز کردیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق خضدار کی تحصیل ودھ میں 5.2 کی شدت سے آنے والے زلزلے کی وجہ سے اورناجی، سونارو، نالی، لکی بٹ اور زمری کے علاقوں میں لوگوں کے مٹی سے بنے گھر تباہ ہوگئے، زلزلے کے سبب کم و بیش 260 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

زلزلے میں تقریباً 200 خاندان بے گھر ہو چکے ہیں جنہیں ریسکیو ٹیموں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

مزید پرھیں: خضدار میں زلزلے کے جھٹکوں سے 80 گھر منہدم، 200 سے زائد خاندان بے گھر

خضدار کے ڈپٹی کمشنر ریٹائرڈ میجر محمد الیاس کبزئی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے افسران کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور علاقوں میں جاری بحالی اور امداد کے کام کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے خیمے، کمبل، پانی، راشن اور دیگر ضروری چیزیں تقسیم کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے امداد اور بحالی کی کام تیزی سے جاری ہے اور حکومت اس مشکل وقت میں متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، لیویز فورسز اور ریسکیو حکام متاثرہ خاندانوں کی مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو اور امداد کے بعد دوسرے مرحلے میں حکومت زلزلہ سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے نقصان کا تخمینہ لگا کر ان کی بحالی پر توجہ دے گی اس سلسلہ میں علاقے میں سروے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 5.9 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے 6 ٹرکوں میں کھانے پینے کی اشیا، خیمے، کمبل، پانی، اور دیگر ضروری اشیا بھیج دی ہیں۔

علاقے کے رکن صوبائی اسمبلی محمد اکبر مینگل نے بھی زلزلے سے متاثر علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور امداد کے لیے جاری کام کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زلزلے سے بہت بڑا علاقہ متاثرہ ہوا ہے اور لوگ کھلے آسمان کے نیچے رہ رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ لوگوں کو جلد از جلد امداد فراہم کیا جائے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیرِ نو کیسے کی جائے؟

یاد رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناجی میں درمیانے درجے کی شدت کے زلزلے سے 200 سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 5.2 شدت کا زلزلہ صبح 11 بجکر 55 منٹ پر علاقے میں آیا اور اس کا مرکز اورناجی کے قریب واقع تھا

تبصرے (0) بند ہیں