حکومت کا ہفتے میں کام کے دن کم کرنے پر غور

اپ ڈیٹ 23 مئ 2022
پاکستان کی تیل کی مجموعی درآمد 17 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے—فائل فوٹو: ڈان
پاکستان کی تیل کی مجموعی درآمد 17 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے—فائل فوٹو: ڈان

بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے تیل کی کھپت اور درآمدی بل بڑھنے کے باعث حکومت ہفتے میں کام کے دنوں میں کمی کے ذریعے ایندھن کی بچت کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسے اس طرح تقریباً 27 ارب ڈالر تک کا سالانہ زرمبادلہ بچانے کی امید ہے۔

یہ تخمینے کام کے دنوں اور ایندھن کی بچت کے حوالے سے تین مختلف منظرناموں پر مبنی ہیں جو کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈیڑھ ارب سے 2 ارب 27 کروڑ ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت کے لیے تیار کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عہدہ سنبھالتے ہی وزیراعظم نے سرکاری دفاتر میں ہفتہ وار 2 تعطیلات ختم کردیں

رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران پاکستان کی تیل کی مجموعی درآمد 17 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 96 فیصد کی بڑی نمو کو ظاہر کرتی ہے۔

تیل کی مجموعی درآمدات میں 8 ارب 50 کروڑ ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات اور 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کے پیٹرولیم خام تیل کی درآمد شامل ہے، جو بالترتیب 121 اور 75 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ اضافہ صرف بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے نہیں ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات اور خام تیل کی درآمدی مقدار میں بھی بالترتیب 24 فیصد اور 1.36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ متعلقہ حکام یعنی پاور اور پیٹرولیم ڈویژنز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تخمینوں کے ساتھ آئیں جس میں بجلی کی بچت بھی شامل ہے تاکہ کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے مختلف شعبوں کی لاگت کے فوائد کے تجزیے کے ساتھ اس معاملے کو جامع انداز میں اٹھایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: ہفتے کے روز کی چھٹی ختم کرنے کے خلاف بینک ملازمین کا احتجاج

انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک کا تخمینہ زیادہ تر ہفتے کے عام کام کے دنوں میں پی او ایل (پیٹرولیم مصنوعات) کی کھپت کا احاطہ کرتا ہے، جس میں ریٹیل کاروبار، سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے شامل ییں ۔

البتہ اس میں ایل این جی کی درآمدات کو مدنظر نہیں رکھا گیا جو زیادہ تر پاور سیکٹر میں جاتی ہے۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 10 مہینوں کے دوران ایل این جی کی درآمدات 3 ارب 70 کروڑ ڈالر رہی، جو کہ 83 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے، حالانکہ اس کی درآمدی مقدار کم تھی۔

یہ تخمینے بتاتے ہیں کہ ہفتے میں ایک اور کام کے دن کے لیے اضافی پی او ایل کی کھپت سے قوم پر سفر کے لحاظ سے تقریباً 64 کروڑ 20 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی، جس میں مال برداری اور نقل و حمل شامل نہیں ہے۔

اس کے برعکس، ہفتے میں کام کا ایک دن کرنے کے ساتھ کم کھپت تقریباً 2 ارب 10 کروڑ کی سالانہ بچت فراہم کرتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں