پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

اپ ڈیٹ 25 مئ 2022
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا — فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا — فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر اترنے میں کامیاب رہا۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

ترجمان نے بتایا کہ زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انہوں نے بتایا کہ ایئر ہیڈ کوارٹرز نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

واضح رہے کہ پاکستان ایئر فورس کے تربیتی طیارے گرنے کے واقعات ماضی قریب میں بھی پیش آچکے ہیں جن میں ہوا بازوں نے جامِ شہادت بھی نوش کیا۔

22 مارچ 2022 کو پشاور کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران پشاور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور دونوں پائلٹ شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔

گزشتہ سال پاک فضائیہ کا ایک چھوٹا تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ برس اگست میں پنجاب کے ضلع اٹک کے نزدیک پاک فضائیہ کا تربیتی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس دوران حادثہ پیش آیا تاہم دونوں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے تھے اور زمین پر بھی کسی قسم کا نقصان رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

ستمبر 2020 میں بھی اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا، تاہم پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا۔

قبل ازیں 11 مارچ 2020 کو اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹک کے نزدیک پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹس محفوظ

اس ضمن میں ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ پی اے ایف کا ایف-16 طیارہ 23 مارچ پریڈ کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں