انتظار ختم،’قائد اعظم زندہ باد‘ کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان

فلم کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فلم کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

طویل انتظار اور مسلسل تاخیر کے بعد بالآخر فلم ساز نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی آنے والی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کو رواں برس عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’قائد اعظم زندہ باد‘ کی شوٹنگ 2019 میں شروع کی گئی تھی اور اسے ابتدائی طور پر 2020 میں ہی ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث ایسا نہ ہوسکا۔

اگرچہ مشکل حالات کے باوجود ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی شوٹنگ 2020 میں مکمل کرلی گئی تھی مگر وبا کے باعث سینماؤں کے بند ہونے کی وجہ سے اسے ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’قائد اعظم زندہ باد‘ کورونا کے بعد سب سے پہلے ریلیز ہوگی؟

امکان تھا کہ فلم کو 2021 میں ریلیز کردیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا مگر اب فلم کے مختصر ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی فلم کی کہانی ایک پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے۔

فہد مصطفیٰ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ
فہد مصطفیٰ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ

ایکشن کامیڈی مصالحہ فلم میں فہد مصطفیٰ کے علاوہ ماہرہ خان بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی اور وہ بھی برے لوگوں کو مزے چکھاتی دکھائی دیں گی۔

دونوں اداکار پہلی بار ہیرو اور ہیروئن کے طور پر بڑی اسکرین پر رومانس کرتے دکھائی دیں گے اور دونوں کی جوڑی کو ابھی سے ہی سراہا جا رہا ہے۔

یہ فہد مصطفیٰ کی فلم سازوں نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کے ساتھ پانچویں فلم ہے، اس سے قبل سامنے آئی پانچ فلموں 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں