صبا قمر کا رواں برس کے اختتام تک شادی کرنے کا عندیہ

اداکارہ نے شو کے دوران جلد شادی کا عندیہ دیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے شو کے دوران جلد شادی کا عندیہ دیا—فوٹو: انسٹاگرام

جلد ریلیز ہونے والی فلم ’کملی‘ کی اداکارہ صبا قمر نے عندیہ دیا ہے کہ وہ رواں برس کے اختتام تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

صبا قمر حال ہی میں ’کملی‘ کی ٹیم کے ہمراہ جیو کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں پیش ہوئیں، جہاں ان کے ساتھ فلم ساز سرمد کھوسٹ اور اداکار عمیر رانا بھی پیش ہوئے۔

شو کے دوران اداکارہ نے آنے والی فلم ’کملی‘ پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ مذکورہ فلم کا کردار ان کا اب تک کا منفرد اور مشکل کردار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کملی‘ کے پریمیئر کے دوران صبا قمر کے رونے کی ویڈیو وائرل

انہوں نے پروگرام میں ’کملی‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات کا بھی ذکر کیا اور سرمد کھوسٹ کے ساتھ ساتھ عمیر رانا کی بھی تعریفیں کیں۔

پروگرام کے دوران ایک مداح نے صبا قمر سے سوال کیا کہ پورے پاکستان کے لڑکے ان کی شادی کا انتظار کر رہے ہیں، وہ کب شادی کریں گی؟

مداح کے سوال پر پہلے تو اداکارہ ہنس پڑیں اور بعد ازاں انہوں نے شو کے دوران موبائل فون اٹھایا اور کسی نامعلوم شخص کے ساتھ فون پر بات کرنے کی اداکاری کی اور کال پر موجود فرضی شخص سے پوچھا کہ وہ کب ہاں کہیں گے؟

ساتھ ہی اداکارہ نے فرضی شخص سے بات کے دوران حیرانگی سے کہا کہ ’کیا اس سال کے آخر تک کرلیں گے شادی؟

مزید پڑھیں: انتظار ختم، ’کملی‘ کو جون میں ریلیز کرنے کا اعلان

اداکارہ کی جانب سے فون کال کے بہانے سال کے اختتام تک شادی کرنے کی بات کرنے پر چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر صبا قمر 2022 کے ختم ہونے تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ مئی کے آغاز میں انہوں نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں بھی شادی اور محبت پر کھل کر بات کی تھی اور ذو معنی جملوں میں عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی پیا گھر سدھار جائیں گی۔

ندا یاسر کے سوال کے جواب میں صبا قمر نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی کے لیے آلو قیمے بنانا سیکھ رہی ہیں اور جلد ہی میڈیا اور مداحوں کو معلوم ہوجائے گا کہ وہ کس کے لیے یہ سیکھ رہی ہیں۔

ہاتھوں پر مہندی سجانے اور شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے شرماتے ہوئے شرارتی انداز میں بتایا تھا کہ جلد ہی وہ دن آئے گا جس کا لوگوں کو انتظار ہے۔

صبا قمر نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اکثر سوچتی ہیں کہ وہ خاموشی سے شادی کرکے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتائیں گی کہ وہ رشتہ ازدواج میں بندھ چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ شادی میں اپنے قریبی دوستوں اور اہل خانہ کو دیکھنا چاہیں گی اور شادی کا اعلان کرنے کے بعد میڈیا میں تقریبات کی ویڈیوز جاری کریں گی۔

انہوں نے شرماتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سوچتی ہیں کہ وہ خاموشی سے شادی کرنے کے بعد دوستوں اور رشتے داروں کے لیے پارٹی کا اہتمام کریں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں