گلوکارہ شکیرا اور ان کے شوہر کے درمیان علیحدگی

دونوں نے علیحدگی کی تصدیق کردی—فائل فوٹو: رائٹرز
دونوں نے علیحدگی کی تصدیق کردی—فائل فوٹو: رائٹرز

میوزک کے اعلیٰ ترین ایوارڈ گریمی، بل بورڈز اور ایم ٹی وی ایوارڈز جیتنے والی کولمبین گلوکارہ 45 سالہ شکیرا اور ان کے شوہر ہسپانوی فٹ بالر 35 سالہ جیرارڈ پیک نے علیحدگی کی تصدیق کردی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق دونوں کی پبلک ریلیشن (پی آر) ایجنسیز کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں علیحدگی کی تصدیق کردی گئی۔

دونوں کی جانب سے جاری بیان میں علیحدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا کہ دونوں بچوں کے بہتر مستقبل اور پرورش کی خاطر الگ ہو رہے ہیں۔

دونوں نے میڈیا سے نجی زندگی کی پرائیویسی کا خیال رکھنے کی اپیل بھی کی، تاہم دونوں نے واضح طور پر علیحدگی کا سبب نہیں بتایا۔

شکیرا سب سے زیادہ کمائی کرنے والی شخصیات میں شمار ہوتی ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
شکیرا سب سے زیادہ کمائی کرنے والی شخصیات میں شمار ہوتی ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

دونوں گزشتہ 12 سال سے تعلقات میں تھے اور دونوں کو دو بچے بھی ہیں اور دونوں یورپی ملک اسپین میں رہائش پذیر تھے جو کہ جیرارڈ پیک کا آبائی ملک ہے۔

شکیرا اور جیرارڈ پیک کے درمیان 2010 میں تعلقات استوار ہوئے تھے، دونوں کے درمیان اس وقت رومانس پروان چڑھا جب فٹ بالر گلوکارہ کے شہرہ آفاق گانے (واکا واکا) میں 2010 میں نظر آئے تھے۔

مذکورہ گانا شکیرا کا سب سے زیادہ سنا جانے والا گانا بھی ہے اور اس سے وہ شہرت کی نئی بلندیوں کو بھی پہنچی تھیں۔

واکا واکا کے بعد جیرارڈ پیک اور شکیرا نے شادی کرلی تھی مگر اب 12 سال تعلقات میں رہنے کے بعد دونوں الگ ہوگئے۔

شکیرا اس وقت ٹیکس چھپانے کے الزامات کا سامنا بھی کر رہی ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
شکیرا اس وقت ٹیکس چھپانے کے الزامات کا سامنا بھی کر رہی ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

دونوں کے درمیان علیحدگی اور اختلافات کی خبریں گزشتہ کچھ ہفتوں سے ہسپانوی میڈیا میں جاری تھی اور بتایا جا رہا تھا کہ جیرارڈ پیک اہلیہ اور بچوں سے الگ ہوکر الگ رہنے لگے ہیں۔

دونوں کے درمیان ایک ایسے وقت میں علیحدگی ہوئی ہے جب کہ دونوں کو اسپین میں الگ الگ قانونی کارروائیوں کا سامنا ہے۔

شکیرا کو 2012 سے 2014 کے درمیان میوزک کنسرٹس سے کمائی کی مد میں ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا ٹیکس نہ ادا کرنے کے الزام میں قانونی کارروائیوں کا سامنا ہے۔

جب کہ جیرارڈ پیک کو سعودی عرب میں منعقد ہونے والے فٹ بال کپ میں ایک ہسپانوی ٹیم کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے لاکھوں ڈالر کمیشن لینے کے الزامات کا سامنا ہے۔

جرارڈ پیک اور شکیرا نے اپنے اوپر لگے ہوئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالتوں میں منظم ثبوتوں کے ہمراہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

جیرارڈ پیک یورپ کے سب سے بہترین فٹ بالر رہنے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور وہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ہسپانوی فٹ بالرز میں بھی شامل ہیں۔

شکیرا نہ صرف کولمبیا اور اسپین بلکہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ مقبول گلوکارائوں میں سے ایک ہیں، وہ بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی شخصیات میں شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں