پہلا ون ڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 09 جون 2022
ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا— فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا— فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 306 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کامیابی سے حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے 305 رنز بنائے تھے اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے 306 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کپتان بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 106 رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے نوجوان بلے باز امام الحق نے کپتان کا خوب ساتھ دیا اور 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 59 رنز بنائے جب کہ خوشدل شاہ نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، شاندار باری کھیلنے پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

مہمان ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ شمارہا بروکس نے بھی ذمے دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 70 رنز بنائے۔

ان دونوں بلے بازروں کے علاوہ رومین پاول 32، روماریو شیفرڈ 25 اور کپتان نکولس پوران نے 21 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حارث رؤف نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے 2 مہمان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

لیگ اسپنر شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمدر ضوان، شاداب خان، محمد حارث، خوشدل شاہ اور محمد نواز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں کپتان نکولس پوران، شائے ہوپ، کائیل میئرز، شمارہا بروکس، برینڈن کنگ، رومین پوویل، روماریو شیفرڈ، اکیل حسین، الزاری جوزف، جیڈن سیلز، ہیڈن والش ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ مذکورہ سیریز دسمبر 2021 میں ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کا حصہ تھی تاہم پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے باہمی رضامندی کے ساتھ کووڈ-19 کے 5 کیسز سامنے آنے کے بعد سیریز ملتوی کردی گئی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز نے 2023 کے شروع میں بھی 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے رضامندی ظاہر کرلی ہے، جس کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی یہ ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے، آئی سی سی لیگ میں شامل ان میچز کو ورلڈ کپ کوالیفائرز کا درجہ حاصل ہے۔

ورلڈ کپ 2023 کے لیے سرفہرست 7 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ بھارتی ٹیم میزبان کی حیثیت سے پہلے ہی جگہ بناچکی ہے۔

50 اوورز پر مشتمل میچز کا میگا ایونٹ اگلے سال اکتوبر/نومبر میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں