فیصل قریشی کی اپنے بارے میں غلط بیانی کرنے والے سوشل میڈیا پیجز پر تنقید

فیصل قریشی نے کہا کہ لوگ بھی بنا تصدیق کیے اور بنا سمجھے بولنا شروع کردیتے ہیں—ایس ایس:جنید اکرم/یوٹیوب
فیصل قریشی نے کہا کہ لوگ بھی بنا تصدیق کیے اور بنا سمجھے بولنا شروع کردیتے ہیں—ایس ایس:جنید اکرم/یوٹیوب

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار اور میزبان فیصل قریشی نے سوشل میڈیا پیجز کو اپنے حوالے سے غلط بیانی کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

کئی سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ فیصل قریشی نے معروف یوٹیوبر جنید اکرم کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ مشہور ڈرامے ’پری زاد‘ میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہ رہے تھے لیکن انہیں مسترد کردیا گیا۔

گزشتہ روز اس حوالے سے فیصل قریشی نے سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کہنے کا مطلب پری زاد ڈرامے میں مرکزی کردار نبھانا نہیں تھا بلکہ ان کی مراد ڈرامے کی مسترد کی جانے والی اسکرپٹ تھی جو انہوں نے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل قریشی کا نیا ڈراما بااثر وڈیرے کی کہانی

فیصل قریشی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی اور اپنے مداحوں سے اسے آگے پھیلانے کی درخواست کی۔

ویڈیو میں اداکار نے سوشل میڈیا پیجز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ویڈیو شیئر کرنا ضروری ہے کیونکہ لوگوں کو باتیں سمجھ نہیں آتیں یا شاید اِن پیجز کو اتنی معلومات ہی نہیں ہے، بس وہ آدھی باتیں سنتے ہیں، کوئی ایک پیج وہ خبر لگاتا ہے وہاں سے دوسرا اسے اٹھاتا ہے اور پھر باقی لوگ اسے ہی چھاپنا شروع کردیتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جنید اکرم کے ساتھ انٹرویو میں، میں نے یہ کہا تھا کہ میں نے ایک اسکرپٹ پیش کی تھی جوکہ ریجیکٹ کردی گئی، میں نے یہ کب کہا کہ بطور مرکزی اداکار میں وہ کردار نبھا رہا تھا؟‘

مزید پڑھیں: اعجاز اسلم، فیصل قریشی ایک بار پھر آن اسکرین ایک ساتھ

انہوں نے کہا کہ ’میں نے تو اس اسکرپٹ کے لیے کسی اور اداکار کو سائن کیا تھا لیکن میں خوش ہوں کہ وہ کردار احمد علی اکبر نے ادا کیا اور اس کردار کے ساتھ 100 فیصد انصاف کیا‘۔

فیصل قریشی نے بتایا کہ جب میں وہ اسکرپٹ کررہا تھا تو میں نے اس کے لیے گوہر رشید کو سائن کیا تھا لیکن جس چینل پر وہ اسکرپٹ جمع ہوئی وہاں یہ ممکن نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ ’مسئلہ یہ ہے کہ یہ جو پیجز ہیں انہیں بات سمجھ آتی نہیں ہے اور یہ بات کا پتنگڑ بنادیتے ہیں اور ماشااللہ لوگ بھی بنا تصدیق کیے اور بنا سمجھے بولنا شروع کردیتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ہم کورونا کو ڈراما اور ارطغرل کو حقیقت سمجھتے ہیں، فیصل قریشی

خیال رہے کہ 4 روز قبل فیصل قریشی نے یوٹیوبر جنید اکرم کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ ’میں پری زاد کا اسکرپٹ کرنا چاہ رہا تھا لیکن مجھے ریجیکٹ کردیا گیا کہ بیکار ہے یہ، پاگل ہو تم؟‘

انہوں نے بتایا کہ ’رائٹرز بھی مجھ سے ناراض ہوئے کہ آپ اسکرپٹ بیچ نہیں سکے، میں نے انہیں کہا کہ میں کیا کرتا؟ مجھے تو باقاعدہ کہا گا کہ یہ نہیں چلے گا‘۔

اداکار نے مزید کہا ’لیکن اس کے برعکس پری زاد نے رجحان تبدیل کرکے دکھایا اور ایسا ہمیشہ ہوتا رہا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں