لاپتا افراد کمیشن بوجھ بن چکا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ

اپ ڈیٹ 24 جون 2022
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کمیشن اپنی ذمہ داری میں ناکام رہا ہے — فوٹو بشکریہ ویب سائٹ
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کمیشن اپنی ذمہ داری میں ناکام رہا ہے — فوٹو بشکریہ ویب سائٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آبزرویشن دی ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم لاپتا افراد کمیشن ایک بوجھ بن گیا ہے اور اپنے وجود کا جواز پیش کرنے میں ناکام ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن 2011 میں قائم کیا گیا تھا جس کی سربراہی اس وقت سے جسٹس (ر) جاوید اقبال کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'لاپتا افراد کمیشن نے جبری گمشدگی کے 71 فیصد کیسز نمٹا دیے'

یہ کمیشن لاپتا افراد کا سراغ لگانے اور اس کے ذمہ دار افراد یا اداروں کا تعین کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا، کمیشن کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 2011 سے اب تک لاپتا افراد میں سے صرف ایک تہائی گھر واپس آئے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے لاپتا افراد کے کیس میں ایک حکم جاری کیا جس میں کہا گیا کہ جب یہ نتیجہ اخذ کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہوں کہ بادی النظر میں یہ 'جبری گمشدگی' کا مقدمہ ہے تو یہ ریاست اور اس کے تمام اداروں کی ذمہ داری بن جاتی ہے کہ وہ لاپتا شہری کا سراغ لگائیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ ذمہ داری اس وقت تک رہے گی جب تک کہ متاثرہ شخص کا سراغ نہیں لگا لیا جاتا یا اس کے بارے میں مؤثر تحقیقات کے ذریعے معتبر معلومات اکٹھی نہیں کر لی جاتیں۔

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ یہ ریاست کے ہر ادارے کی آئینی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان عوامی اداروں کو جوابدہ ٹھہرائیں جو ذمہ دار ہیں اور جو لاپتا ہونے والے شہری کی حفاظت اور ان کا سراغ لگانے میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈ پر ایسی کوئی چیز پیش نہیں کی گئی کہ کمیشن نے دور بیٹھے ہی سرکاری عہدیداروں کو پروڈکشن آرڈرز کی تعمیل میں ناکامی پر جوابدہ ٹھہرانے کی کوشش کی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت رپورٹ دیکھنے کے بعد بادی النظر میں یہ رائے دیتی ہے کہ کمیشن اپنی ذمہ داری میں ناکام رہا اور ان حالات میں اپنے وجود کا جواز پیش نہیں کر سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: بیان بازی نہیں عملی اقدامات کریں، لاپتا افراد کے لواحقین کا مطالبہ

جسٹس اطہر من اللہ نے آبزرویشن دی کہ کمیشن تقریباً ایک دہائی قبل تشکیل دیا گیا تھا اور اس کی بنیادی ذمہ داری تھی کہ ’جبری گمشدگیوں‘ پر سزا سے استثنیٰ کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت کو سفارشات پیش کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اب تک واضح ہو گیا ہے کہ کمیشن اپنے مقصد کو مؤثر طریقے سے حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا، یہ سرکاری خزانے پر بوجھ ہے اور اسے اپنے جاری رکھے جانے کا جواز فراہم کرنا چاہیے۔

عدالت نے کمیشن کو یہ بتانے کی ہدایت کی کہ کیوں کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور وفاقی حکومت کو سفارشات پیش نہیں کی گئیں تاکہ پروڈکشن آرڈر کی تعمیل میں ناکام رہنے والے افسران اور سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی جاتی۔

یہ بات مسلسل نوٹ کی جاتی رہی ہے کہ کمیشن کے سامنے ہونے والی کارروائی مخالفانہ نوعیت کی نہیں ہے، کمیشن کو درخواست گزاروں اور لاپتا شہریوں کے دیگر تمام پیاروں کے تئیں انتہائی ہمدردی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کمیشن کا فرض ہے کہ وہ ان تک پہنچے اور اپنے طرز عمل سے انہیں یقین دلائے کہ کارروائی محض رسمی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: جبری گمشدگی کے ذمہ داروں کے تعین میں لاپتا افراد کمیشن ناکام رہا، آئی سی جے

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے امید ظاہر کی کہ کمیشن عدالت کو آگاہ کرے گا کہ بامعنی اور موثر کارروائیاں کیوں نہیں کی گئیں اور نہ ہی وفاقی حکومت کو پروڈکشن آرڈرز کی تعمیل کرنے میں ناکام رہنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارشات کی گئیں۔

بین الوزارتی کمیٹی

لاپتا افراد سے متعلق بین الوزارتی کمیٹی نے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں لاپتا افراد سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔

اجلاس میں وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ اور وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے شرکت کی۔

جبری گمشدگیوں کے معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے شرکا نے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کمیٹی ٹھوس نتائج پیش کرے گی، کمیٹی صوبوں سے سفارشات طلب کرنے کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کو مدعو کرے گی۔

کمیٹی نے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر اور آمنہ مسعود جنجوعہ کو آئندہ اجلاس میں مدعو کر لیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں