• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:32pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:33pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:32pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:33pm

کالعدم لشکرطیبہ کے ساجد میر کو دہشتگردی کیلئے مالی معاونت کے جرم میں خاموشی سے سزا

شائع June 25, 2022
ساجد میر نے مبینہ طور پر ممبئی میں محاصرے کے دوران حملہ آوروں کو لاہور سے ہدایات دی تھیں—تصویر: ایف بی آئی ویب سائٹ
ساجد میر نے مبینہ طور پر ممبئی میں محاصرے کے دوران حملہ آوروں کو لاہور سے ہدایات دی تھیں—تصویر: ایف بی آئی ویب سائٹ

پاکستانی حکام کی جانب سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی 'گرے لسٹ' سے نکلنے کے لیے ایکشن پلان پر عمل درآمد کی جمع کرائی گئی رپورٹ میں جس چیز نے ان کے کیس کو مضبوط کیا وہ مقدمات میں مجرم قرار دینا اور کالعدم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے سرکردہ دہشت گرد ساجد مجید میر کو سنائی گئی سزا تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر 2008 کے ممبئی حملوں کی ہدایت دینے والے 44 سالہ ساجد میر کو رواں ماہ کے ابتدائی ہفتے میں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے ساڑھے 15 سال قید کی سزا سنائی تھی اور ان پر 4 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا، ذرائع کے مطابق وہ اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

یہ سب کچھ اتنی خاموشی سے ہوا کہ اتنے بڑے مقدمے میں عدالتی فیصلے کے بارے میں کسی کو خبر نہیں ہوئی، سوائے ایک اخبار میں چھپنے والی انتہائی مختصر رپورٹ کے اور وہ بھی توجہ مبذول نہ کرسکی ان کی گرفتاری جو بظاہر اپریل کے آخر میں ہوئی تھی، کو بھی میڈیا کی نظروں سے دور رکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لشکر جھنگوی اور لشکر طیبہ دوبارہ دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں شامل

یاد رہے کہ پاکستانی حکام نے ماضی میں ان کی موت کا دعویٰ کیا تھا لیکن مغربی ممالک اس پر یقین نہیں رکھتے تھے اور ان کی موت کے ثبوت مانگتے تھے۔

یہ مسئلہ گزشتہ سال کے آخر میں ایکشن پلان پر پاکستان کی پیشر فت کے ایف اے ٹی ایف کے جائزے میں ایک اہم نکتہ بن گیا، یہیں سے ساجد میر کے معاملے میں بالآخر معاملات آگے بڑھنے لگے اور ان کی ’گرفتاری‘ تک پہنچ گئے۔

انہیں مجرم قرار دینا اور سزا سنانا اس لیے بڑی کامیابیاں تھیں کہ اسے پاکستانی حکام نے ایف اے ٹی ایف کے حالیہ اجلاس کے دوران ایکشن پلان پر دی گئی اپنی پیش رفت رپورٹ میں دکھایا۔

اس نے واقعی ایف اے ٹی ایف کے ارکان کو یہ باور کرانے میں مدد دی کہ پاکستان نے تمام مطلوبہ کام مکمل کر لیے ہیں۔

مزید پڑھیں: کالعدم لشکر طیبہ کے 4 رہنماؤں کی گرفتاری پر امریکا کا خیرمقدم

کمزور پراسیکیوشن اور دہشت گردوں کو سزا سنانے کی کم شرح وہ بڑی خامیاں تھیں جنہوں نے پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے میں رکاوٹ ڈالی۔

ایف اے ٹی ایف کے جون 2022 کے پلانری اجلاس کے نتائج کے مطابق پاکستان نے منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات اور پراسیکیوشن میں ’بہتری کا رجحان‘ ظاہر کیا، اس کے علاوہ یہ ظاہر کیا کہ اقوام متحدہ کے نامزد دہشت گرد گروپوں کے سینئر رہنماؤں اور کمانڈروں کے خلاف دہشت گردی کی مالی معاونت کے مقدمات کی سنجیدگی سے پیروی کی جا رہی ہے۔

چنانچہ نگراں ادارے نے بالآخر یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مشتمل دو ایکشن پلانز کو ’کافی حد تک مکمل‘ کر لیا ہے اور انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کی روک تھام کے نفاذ کی تصدیق کے لیے ایک تکنیکی ٹیم کو سائٹ کے دورے کا حکم دیا۔

ساجد میر کون ہے؟

لاہور میں پیدا ہونے والے ساجد میر زیادہ تر ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی اور اس کی انجام دہی میں اپنے مبینہ کردار کے لیے معروف ہیں، اس حملے میں 26 غیر ملکیوں سمیت 166 افراد ہلاک ہوئے اور دو جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کیلئے مالی معاونت کا کیس: کالعدم لشکر طیبہ کے رہنما ذکی الرحمٰن لکھوی گرفتار

ساجد میر نے مبینہ طور پر ممبئی میں محاصرے کے دوران حملہ آوروں کو لاہور سے ہدایات دی تھیں۔

دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ساجد میر نے ممبئی میں ریکی کرنے اور اہداف کی تفصیلات اکٹھی کرنے میں 2 سال گزارے، انہوں نے مبینہ طور پر یہ حملہ امریکی دہشت گرد کولیمن ہیڈلے کی مدد سے کیا جو بین الاقوامی جرائم میں ملوث ہونے کے جرم میں امریکا میں 35 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

لشکر طیبہ اور حافظ سعید کے ساتھ ساجد میر کی وابستگی 1994 سے شروع ہوئی، جب وہ محض 16 سال کے تھے جس کے بعد وہ دہشت گرد تنظیم میں ترقی پاتے گئے اور بین الاقوامی کارروائیوں کے ونگ سے منسلک ہوگئے۔

رپورٹس سے پتا چلتا ہے کہ وہ لشکر طیبہ کے بین الاقوامی آپریشنز کے نائب سربراہ رہے لیکن دوسروں کا خیال ہے کہ اس نے کسی وقت اس یونٹ کی قیادت بھی کی تھی، کہا جاتا ہے کہ ساجد میر کو ذکی الرحمٰن لکھوی تک براہ راست رسائی حاصل تھی جو دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کا سربراہ تھا۔

مزید پڑھیں: امریکا نے لشکر طیبہ کے سینئر کمانڈر کو عالمی دہشت گرد نامزد کردیا

ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کارروائیوں کے دوران اس کے القاعدہ سے بھی رابطے رہے۔

انہوں نے 2005 میں خفیہ طور پر بھارت کا دورہ کیا تھا، جہاں وہ کرکٹ کے پرستار کے طور پر دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ دیکھنے گئے تھے، اس موقع پر وہ تقریباً 15 روز تک بھارت میں رہے۔

ساجد میر کا نام بین الاقوامی دہشت گردی کے منظر نامے پر 2002 کے اوائل میں نمایاں ہونا شروع ہوا، جب انہوں نے ورجینیا میں مقیم اپنے ساتھیوں کی مدد سے امریکا سے فوجی سازوسامان کی بڑی خریداری کی کوشش کی۔

تاہم یہ منصوبہ اس وقت ختم ہو گیا جب ایف بی آئی نے 11 افراد کو گرفتار کیا جسے 'ورجینیا پینٹ بال جہادی' کیس کے نام سے جانا جانے لگا، ان میں سے 10 افراد کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: حافظ سعید کو غیرقانونی فنڈنگ کیس میں 31 برس قید

بعد میں ساجد میر نے آسٹریلیا کا رخ کیا اور 2003 میں ایک فرانسیسی شہری، ویلی بریگٹ اور ایک آسٹریلوی فہیم خالد لودھی کی مدد سے افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کی موجودگی پر آسٹریلیا میں حملوں کی منصوبہ بندی کی۔

خالد لودھی کو جون 2006 میں آسٹریلیا کی ایک عدالت نے دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا مجرم قرار دیتے ہوئے 20 سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ ویلی بریگٹ جسے 2003 میں فرانس ڈی پورٹ کیا گیا تھا، کو فرانس کی ایک عدالت نے 9 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اس کے بعد ساجد میر نے ممبئی پروجیکٹ پر کام شروع کیا، بعد میں 2009 میں انہوں نے ہیڈلی کے ساتھ مل کر ڈنمارک کے کوپن ہیگن میں ایک اخبار کے دفتر پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جو بعد ازاں ترک کردیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Shaheen Iqbal Jun 25, 2022 09:01am
If this is the only solution for FATF then UK should be in black / grey list of FATF. As they have Pakistani Terrorist (Founder of MQM) and Mian Nawaz Shareef (Corruption).. Then why UK is not. Why FATF is sleeping? Why they are not is forcing UK to handover these people back to Pakistan?

کارٹون

کارٹون : 6 نومبر 2024
کارٹون : 5 نومبر 2024