شمالی وزیرستان: دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، 7 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

26 جون 2022
شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والےصوبیدار منیر حسین اور حوالدار بابو خان  — فوٹو: آئی ایس پی آر
شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والےصوبیدار منیر حسین اور حوالدار بابو خان — فوٹو: آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کیلی میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو فوجی جوان بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث تھے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پارا چنار کے رہائشی 44 سالہ صوبیدار منیر حسین اور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے رہائشی 38 سالہ حوالدار بابو خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

مزید بتایا گیا کہ علاقے میں کسی بھی مزید دہشت گرد کی سرکوبی کے لیے کلیئرنس کا عمل جا ری ہے۔

خیال رہے کہ 25 جون کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گردہلاک ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: وسطی مکران میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

مزید بتایا گیا کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

اس کے علاوہ 24 جون کو خیبرپختونخوا میں ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ 19 جون کو وسطی مکران میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 19 جون 2022 کو بلوچستان کے علاقے پاروم کے قریب وسطی زمران رینج کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے ان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرستان: دھماکے سے پاک فوج کا سپاہی شہید، کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے علاوہ پنجگور کے علاقے پروم اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کے قافلوں کو نشانہ بنانے کے لیے آئی ای ڈی نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔

پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو ان دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں