پاکستانی ٹیم کی نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے ساتھ سہ فریقی ٹی 20 سیریز میں شرکت کی تصدیق

28 جون 2022
سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی — فائل فوٹو: اے ایف پی
سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی — فائل فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سے جاری بیان کے مطابق کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں 7 سے 14 اکتوبر تک کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان سمیت میزبان نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان سہ فریقی سیریز میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔

سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 8 اکتوبر کو پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ اور 13 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی، جس کے بعد سیریز کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی دباؤ نہیں، اپنا ریکارڈ خود توڑنا چاہتا ہوں، یاسر شاہ

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی، جہاں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

میگا ایونٹ میں پاکستان اپنے اگلے دو میچز 27 اور 30 اکتوبر کو پرتھ میں کوالیفائینگ ٹیموں کے خلاف کھیلے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم 3 نومبر کو سڈنی میں جنوبی افریقہ اور 6 نومبر کو ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف مدمقابل آئے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں شیڈول سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیریز آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے آخری دورہ نیوزی لینڈ میں کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے، لہٰذا وہ دو مضبوط ٹیموں کے خلاف کرائسٹ چرچ میں سیریز کھیلنے کے منتظر ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے بعد 4 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی۔

مزید پڑھیں: بابراعظم بہترین ٹاپ آرڈر بلے بازوں میں 'بگ ون' ہیں، سائمن ڈول

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 2 اکتوبر کو مکمل ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جانے والا ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔

سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کا شیڈول:
  • 7 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، بمقام ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ، بوقت دوپہر 12 بجے
  • 8 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، بمقام ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ، بوقت دوپہر 12 بجے
  • 9 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش، بمقام ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے
  • 11 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان، بمقام ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے
  • 12 اکتوبر: نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش، بمقام ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے
  • 13 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، بمقام ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے
  • 14 اکتوبر: فائنل، بمقام ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ، بوقت صبح 8 بجے

تبصرے (0) بند ہیں