کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں 2 جولائی سے موسلادھار بارش کی پیشگوئی

اپ ڈیٹ 29 جون 2022
کراچی میں گزشتہ ہفتے بھی بارش ہوئی تھی —فائل/فوٹو: ڈان نیوز
کراچی میں گزشتہ ہفتے بھی بارش ہوئی تھی —فائل/فوٹو: ڈان نیوز

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں 2 سے 5 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگی، جس کی وجہ سے سیلابی کیفیت ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ میں ممکنہ بارشوں کے حوالے سے جاری ایڈوائزری میں کہا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے نم ہوائیں مشرقی سندھ میں 2 جولائی سے داخل ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 2 جولائی کو بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس موسمی نظام کے زیر اثر تھرپارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، بدین، میرپور خاص، ٹھٹہ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰیار، دادو اور جامشورو کے اضلاع میں 2 سے 5 جولائی کے دوران وسیع پیمانے پر آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی کے علاوہ حیدر آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران نواب شاہ، نوشہرو فیروز، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی اور کشمور کے اضلاع میں بھی چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ موسلادھار بارش کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ اور دادو کے اضلاع میں سیلابی کیفیت کا باعث بن سکتی ہے۔

بارش کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ بارشیں چاول کی فصل اگانے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی اور پانی کی قلت کم ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: موسم گرما کی پہلی بارش، دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق

ماہی گیروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 3 سے 5 جولائی سمندر میں طغیانی کے سبب ماہی گیروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں اور آندھی کے بھی قوی امکانات ہیں۔

اس سے قبل 27 جون کو بھی محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ 2 جولائی کو شام یا رات کو کراچی میں بارشوں کا امکان ہے، جس کی وجہ 30 جون سے پاکستان میں خلیج بنگال سے داخل ہونے والی مون سون ہوائیں ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ مون سون کا یہ سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں میں اثر انداز ہوسکتا ہے جس کے سبب سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ اور دیگر علاقوں میں یکم جولائی کی رات سے بارش ہوسکتی ہے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ 3 سے 4 دن اور چند علاقوں میں 5 دن تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے، حالیہ موسمیاتی جائزے کے مطابق یہ سسٹم تیز بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 23 جون کو کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسم گرما کی پہلی بارش سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا تھا جبکہ بارش کے سبب دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔

کراچی میں دن بھر شدید گرمی کے بعد شہر کے شمالی حصے میں آندھی کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو پورے شہر تک پھیل گیا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے۔

شہر کے جن علاقوں میں آندھی کے بعد بارش ہوئی ان میں بحریہ ٹاؤن، سپر ہائی وے، گڈاپ، ملیر، ایئرپورٹ، شاہراہ فیصل، نرسری، کورنگی اور گلشنِ اقبال شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں