شاہ محمود قریشی نے آصف زرداری سے ملاقات کی تردید کردی

04 جولائ 2022
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض نے یہ جعلی خبر پھیلائی—فائل فوٹو: اے ایف پی
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض نے یہ جعلی خبر پھیلائی—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ملاقات کی رپورٹس کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض نے یہ ’جعلی خبر‘ پھیلائی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سے ملاقات کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: میری جماعت نے 'سازش' کر کے مجھے وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے روکا، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ وہ ملتان میں اپنے بیٹے کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور لاہور نہیں گئے تھے جہاں اتوار کے روز آصف زرداری موجود تھے۔

انہوں نے چند روز قبل ہی ایک جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں ان کی پنجاب اسمبلی کی نشست پر ناکامی کے پیچھے خود ان کی پارٹی تھی۔

تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔

اس کے علاوہ انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں بھی شرکت نہیں کی تھی جس میں عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا تھا۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی چاہیں گے کہ وہ وزیراعظم بنیں، پی ٹی آئی رکن اسمبلی

خیال رہے کہ راجا ریاض نے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ شاہ محمود قریشی کی بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے ساتھ دو گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔

انہوں نے اپنے دعوے میں یہ بھی کہا تھا کہ آخری اطلاعات تک شاہ محمود قریشی کی معافی قبول کرلی گئی ہے اور وہ جلد پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے قبل راجا ریاض سمیت پی ٹی آئی کے 2 درجن اراکین قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی حمایت اختیار کرلی تھی۔

بعدازاں 10 اپریل کو 342 اراکین پر مشتمل ایوان میں 174 اراکین کی حمایت سے عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی۔

جس کے نتیجے میں بننے والے اتحادی حکومت میں راجا ریاض قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بن گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں