کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی 9.42 روپے فی یونٹ مہنگی

اپ ڈیٹ 04 جولائ 2022
کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ مارچ کی نسبت ایل این جی 50 فیصد اور فرنس آئل 38 فیصد مہنگا ہوا ہے—تصویر: کے ای فیس بک
کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ مارچ کی نسبت ایل این جی 50 فیصد اور فرنس آئل 38 فیصد مہنگا ہوا ہے—تصویر: کے ای فیس بک

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی والوں کے لیے بجلی 9 روپے 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

اس اضافے سے کے-الیکٹرک صارفین پر 19 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نیپرا میں کے الیکٹرک کی جانب سے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک ماہ کے لیے بجلی 11 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کے-الیکٹرک کی کراچی کے صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 11روپے 34 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست

کے الیکٹرک حکام نے درخواست میں کہا تھا کہ مارچ سے مئی 2022 تک فرنس آئل کی قیمت میں 38 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اسی عرصے میں میں آر ایل این جی کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ مئی میں پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے کانٹریکٹرز ڈیفالٹ کر گئے تھے۔

چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ کیا اس کا بوجھ عام آدمی پر پڑے گا؟ اس معاملے پر تحریری طور پر لکھ کر دیں کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 52 کروڑ 60 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

کے الیکٹرک حکام کے مطابق کورنگی پلانٹ میں ڈیزل کی قلت سے 47 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ یہ کیا منطق ہے کہ سستا فیول اس لیے نہیں چلایا گیا کہ اس کو مستقبل میں چلائیں گے، کے الیکٹرک حکام کے مطابق انہوں نے اس ایندھن کو پیک ڈیمانڈ میں استعمال کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی والوں کے لیے بجلی فی یونٹ 5 روپے 27 پیسے مہنگی

کے الیکٹرک حکام نے سماعت میں کہا کہ نیشنل گرڈ میں شارٹ فال کے باعث ہمیں کم بجلی دی جارہی ہے۔

دوران سماعت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کے الیکڑک کو سستی بجلی لینے کے لیے نیپرا کی ضرورت ہو تو ہم حاضر ہیں، نیپرا سستی بجلی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت سے بات کرنے کو تیار ہے۔

رکن نیپرا سندھ رفیق شیخ نے کہا کہ کے الیکڑک سستی بجلی ہوتے ہوئے کیوں نہیں لے رہا؟ سستی بجلی نہ لینے کی منطق سمجھ نہیں آئی۔

سماعت کے بعد نیپرا نے کراچی کے لیے بجلی 9 روپے 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی، اضافے سے کے-الیکٹرک صارفین پر 19 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، جس کا تفصیلی فیصلہ اور نوٹی فکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی

خیال رہے بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے مہنگے ایندھن کی لاگت کو وجہ بنا کر ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے اضافی رقم وصول کرنا معمول بن چکا ہے۔

اس سے قبل نیپرا نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے عوام کے لیے بجلی 5روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی تھی جو جولائی کے بلز میں وصول کی جائے گی۔ ۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں