25 مئی کو کارکنوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کا احتساب کریں گے، عمران خان

اپ ڈیٹ 07 جولائ 2022
عمران خان نے کہا کہ امریکا سے دوستی میں بھی چاہتا ہوں لیکن غلامی نہیں — فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان نے کہا کہ امریکا سے دوستی میں بھی چاہتا ہوں لیکن غلامی نہیں — فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 مئی کو ہمارے کارکنوں پر جن پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا تھا ان کے نام نوٹ کرلیے ہیں اور ہر ایک کا احتساب کریں گے۔

شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تھوڑے سے لوگوں کے ساتھ سیاست شروع کی تھی اور آج وہ جماعت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔

مزید پڑھیں: ہمیں کہا جارہا ہے چوروں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے تو جیلوں میں ڈالا جائے گا، عمران خان

انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور الیکشن کمیشن لوٹوں کو جتوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کر چکے ہیں کہ امپورٹڈ حکومت، امریکا کی سازش اور پاکستان کے بڑے لوٹے نامنظور ہیں اور یہ الیکشن نہیں جیت سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتےہیں کہ امریکا سے دوستی ہو جہاں پاکستان کی سب سے امیر کمیونٹی ہے لیکن ہم امریکا کی غلامی نہیں چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بھی چاہتا ہوں بھارت سے دوستی ہو، بھارت نے جتنی قدر میری کی ہے شاید ہی کسی اور پاکستانی کی کی ہو لیکن میں کشمیریوں کی قربانیوں کی قبر پر بھارت سے دوستی نہیں کرسکتا، پچھلے 35 سال میں ایک لاکھ کشمیری اپنی آزادی کےلیے قربانی دے چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت، امریکا کا اتحادی ہوتے ہوئے روس سے 30 سے 40 فیصد کم قیمت پر تیل خرید کر اپنے عوام کے لیے پیٹرول کی قیمت 25 روپے کم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم': عمران خان سمیت دیگر کے خلاف درخواست دائر

ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسمٰعیل کہتا ہے کہ روس ہمارے پاس آکر بتائے سستا تیل دے رہا ہے جبکہ تیل کی ضرورت ہمیں ہے تو روس ہمارے پاس کیوں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امریکا سے سب سے زیادہ گلہ یہ ہے کہ اگر آپ کے ملک میں کوئی ضمانت پر ہو تو آپ اس کو چپراسی بھی نہیں رکھتے اور یہاں اس کو ہمارے ملک کا وزیر اعظم بنا دیا ہے، پاکستان کے کرپٹ ترین آدمی اور اس کے بیٹے کو مسلط کرکے 22 کروڑ پاکستانیوں کی توہین کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنے ملک کے انصاف کے اداروں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جو مرضی ظلم اور ہراساں کریں، صحافیوں اور ہماری سوشل میڈیا کے کارکنوں کو ڈرا رہے ہیں اور کارکنوں پر ایف آئی آرز درج کروائی جا رہی ہیں اور میرے خلاف 15 ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو آپ نے جو تشدد کروایا اور جن پولیس والوں نے تشدد کیا تھا، ان کا نام ہم نے درج کیا ہے اور ہر ایک کا احتساب کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب کان کھول کر سن لو، آپ دونوں کو میں نے اس لیے تعینات کیا تھا کہ آپ دونوں ایماندار ہیں لیکن یہ ایمانداری نہیں ہے کہ حمزہ شہباز کے کہنے پر غیر قانونی چیزیں کریں۔

مزید پڑھیں: اگر ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو قوم کے سامنے سب کچھ بول دوں گا، عمران خان

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں مداخلت اور انتظامیہ کے ذریعے دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں تو کان کھول کر سنیں کہ ساری قوم دیکھ رہی ہے، 17 جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، اس کے بعد بھی آپ کی زندگی ہے۔

آئی جی اور چیف سیکریٹری پنجاب کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ اس الیکشن میں غیر قانونی چیز کریں گے اتنا آپ کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا اور جس نے قانون توڑا اس کو یہ قوم نہیں بخشے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں