سری لنکا میں قومی ٹیم کے مساجر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اپ ڈیٹ 07 جولائ 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سری لنکا پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے تھے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سری لنکا پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے تھے — فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے مساجر ملنگ علی کا سری لنکا پہنچتے ہی کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد وہ پانچ دن آئسولیشن میں رہیں گے۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی شام دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے سری لنکا پہنچی جہاں تمام کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے ٹیسٹ کیے گئے۔

مزید پڑھیں: بحیثیت کپتان میرا مقصد میچ جیتنا ہے، بابر اعظم

تمام 18 کھلاڑیوں اور ایک مساجر سمیت 13 رکنی عملے کے ٹیسٹ کے نتائج آئے تو ان میں مساجر کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد انہیں آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اگر 16 جولائی کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ملنگ بحال نہیں ہوتے تو قومی ٹیم کو قائم مقام مساجر کی خدمات سری لنکا سے ہی حاصل کرنا ہوں گی، کیونکہ ماضی میں بھی قومی ٹیم نے کبھی اضافی مساجر اپنے ساتھ نہیں رکھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ گال میں کھیلا جائے گا اور اس میچ کے لیے قومی ٹیم کی فائنل الیون ممکنہ طور پر وہی ہوگی جو آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے لیے میدان میں اتری تھی، البتہ یاسر شاہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم اس وقت آسٹریلیا کی میزبانی کر رہی ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ سے شروع ہوگا اور اس سیریز کے اختتام پر پاکستان اور سری لنکا مدمقابل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا سے سیریز کیلئے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، یاسر شاہ کی واپسی

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل سری لنکا کی ٹیم بھی مشکلات سے دوچار ہے اور جمعہ کو شروع ہونے والے میچ سے قبل تین سری لنکن کھلاڑی وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

سری لنکا کے تین کھلاڑی دھننجیا ڈی سلوا، اسیتھا فرنینڈو اور جیفری ویندرسے کووڈ کا شکار ہونے کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم جمعہ سے کولمبو میں ٹریننگ کا آغاز کرے گی اور گال میں پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل 11 سے 13 جولائی تک تین روزہ پریکٹس میچ میں مدمقابل ہوگی۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 2015 میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر ٹیسٹ سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں