ایچ آر سی پی کا جسٹس (ر) جاوید اقبال کےخلاف الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ

09 جولائ 2022
ایچ آر سی پی  تحقیقات کے اس مطالبے اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ہونے والی کارروائی پر نظر رکھے گا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
ایچ آر سی پی تحقیقات کے اس مطالبے اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ہونے والی کارروائی پر نظر رکھے گا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال پر لگائے گئے حیران کن الزامات کی شفافیت اور آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے اور اگر یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں عہدے سے ہٹا دیا جانا چاہیے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کمیشن نے کہا کہ اس نے جاوید اقبال کے خلاف 'جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا'، جو جبری گمشدگی سے متعلق انکوائری کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں۔

کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایچ آر سی پی کے لیے انتہائی تشویشناک بات ہے کہ یہ الزامات ایک خاتون کی جانب سے لگائے گئے تھے جنہوں نے جسٹس (ر) اقبال سے ان کے بطورِ چیئرمین سی او آئی ای ڈی رابطہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: طیبہ گل کے الزامات پر عمران خان پارٹی قیادت سے مستعفی ہوکر چینلج کریں، خورشید شاہ

چیئرمین سی او آئی ای ڈی ایک ایسا عہدہ ہے جس میں وہ طیبہ گل کی گواہی کے تحفظ اور ایک لاپتا رشتہ دار کے ضمن میں انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے ذمہ دار تھے۔

کمیشن نے مزید کہا کہ جاوید اقبال نے نہ صرف مبینہ طور پر دو حیثیتوں سے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے بلکہ وہ ان الزامات کا جواب دینے کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش ہونے میں بھی ناکام رہے ہیں۔ ان کے اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے خلاف الزامات کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے اور اگر یہ الزامات ثابت ہو جائیں تو انھیں عہدے سے ہٹایا جائے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایچ آر سی پی تحقیقات کے اس مطالبے اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ہونے والی کارروائی پر نظر رکھے گا۔

خیال رہے کہ جمعرات کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) ایک خاتون کے انکشاف سے دنگ رہ گئی تھی جس نے حلف اٹھا کر کہا تھا کہ احتساب بیورو کے اہلکاروں نے اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا اور یہاں تک کہ ان کی تلاشی بھی لی۔

مزید پڑھیں: پی اے سی کی جسٹس جاوید اقبال کو لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کی سفارش

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ وزیراعظم آفس نے ان کے کیس کو اپنے ذاتی فائدے کے لیے نیب کو بلیک میل کرنے اور شواہد کا غلط استعمال کیا۔

پی اے سی کے سامنے گواہی دیتے ہوئے طیبہ گل نے الزام لگایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے سیٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرانے کے بعد انہیں ملاقات کے لیے بلایا تھا۔

شکایت میں خاتون نے نیب کے اس وقت کے چیئرمین جسٹس اقبال پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا اور خفیہ طور پر ریکارڈ شدہ فوٹیج کے اسکرین شاٹس بھی منسلک کیے تھے۔

انہوں نے پی اے سی کو بتایا تھا کہ اعظم خان نے ویڈیو طلب کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ جاوید اقبال کے خلاف کارروائی کریں گے لیکن بعد میں یہ ویڈیو ایک ٹیلی ویژن چینل پر نشر کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس (ر) جاوید اقبال چیئرمین نیب کے عہدے سے سبکدوش

طیبہ گل نے وزیر اعظم آفس پر الزام لگایا کہ وہ اس ویڈیو کو نیب کی انکوائریوں کو ختم کرنے کے لیے اس وقت کے نیب سربراہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

پی اے سی کے چیئرمین نور عالم خان پہلے ہی جسٹس اقبال اور دیگر افسران کی معطلی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں