مداح مہوش حیات کو ’ونڈر وومن‘ میں دیکھنے کے خواہاں

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2022
مہوش حیات نے بھی مداحوں کی خواہش پر خاموشی توڑ دی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
مہوش حیات نے بھی مداحوں کی خواہش پر خاموشی توڑ دی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں شاندار اداکاری دکھانے کے بعد مداحوں کو امید ہے کہ مہوش حیات کو اب ہولی وڈ سپر ہیرو وومن فلم ’ونڈر وومن‘ میں بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

’ونڈر وومن‘ بھی مارول اسٹوڈیو کی ہی فلم ہے، جس میں اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت مرکزی کردار یعنی ’ونڈر وومن‘ ادا کرتی آئی ہیں۔

اب تک مذکورہ سیریز کی دو فلمیں سامنے آ چکی ہیں، جس میں گال گدوت کے کام کو سراہا گیا، تاہم ویب سیریز ’مس مارول‘ میں مہوش حیات کی اداکاری دیکھنے کے بعد کئی مداحوں نے خواہش ظاہر کی کہ اب پاکستانی اداکارہ کو اسرائیلی اداکارہ کی جگہ کاسٹ کیا جائے۔

ٹوئٹر پر متعدد مداحوں نے مہوش حیات کو گال گدوت کا بہتر نعمل البدل قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ انہیں ’ونڈر وومن‘ میں کاسٹ کیا جانا چاہیے۔

مداحوں نے جہاں مہوش حیات کو سپر ہیروئن ونڈر وومن کے روپ میں دیکھنے کی خواہش ظاہر کی، وہیں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ گال گدوت بھی اچھی اداکارہ ہیں، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ مہوش حیات کو سپر ہیروئن بنایا جائے۔

مداحوں کی خواہش کے بعد حال ہی میں مہوش حیات اپنی پاکستانی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کے پریمیئر میں شریک ہوئیں تو وہاں ان سے ونڈر وومن سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔

مہوش حیات نے مداحوں کی خواہش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مسکراکر جواب دیا اور امید کا اظہار کیا کہ مارول اسٹوڈیو مداحوں کی خواہش کا احترام کرے گا۔

مہوش حیات سے پوچھا گیا کہ وہ ونڈر وومن میں خود کو گال گدوت کی جگہ دیکھ رہی ہیں؟ جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ انہیں امید ہے کہ مارول اسٹوڈیو مداحوں کی خواہشات سن رہا ہوگا اور وہ ان کی خواہش کا احترام کرے گا۔

یعنی مہوش حیات نے مسکرا کر امید کا اظہار کیا کہ انہیں مداحوں کے کہنے پر مارول اسٹوڈیو سپر ہیرو فلم ’ونڈر وومن‘ میں کاسٹ کرے گا۔

مداحوں نے مہوش حیات کو گال گدوت سے زیادہ خوبصورت بھی قرار دیا—اسکرین شاٹ
مداحوں نے مہوش حیات کو گال گدوت سے زیادہ خوبصورت بھی قرار دیا—اسکرین شاٹ

اگرچہ ابھی تک مارول اسٹوڈیو نے ’ونڈر وومن‘ کی تیسری فلم بنانے کا واضح اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ 2025 تک سیریز کی تیسری فلم ریلیز ہوگی۔

اب تک ’ونڈر وومن‘ کی دو فلمیں سامنے آ چکی ہیں، اس کی پہلی فلم 2017 میں ریلیز کی گئی تھی جب کہ دوسری ’ونڈر وومن 1984ُ‘ کو دسمبر 2020 میں پیش کیا گیا تھا۔

دونوں فلموں میں اسرائیلی نژاد امریکی یہودی اداکارہ گال گدوت نے ’ونڈر وومن‘ یعنی سپر ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں