انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

18 جولائ 2022
اسٹوکس نے انگلینڈ کی جانب سے 31 ون ڈے میچ کھیلے—فوٹو:رائٹرز
اسٹوکس نے انگلینڈ کی جانب سے 31 ون ڈے میچ کھیلے—فوٹو:رائٹرز

انگلینڈ کو ورلڈ کپ 2019 میں کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی چمپیئن بنانے والے مایہ ناز آل راؤنڈر اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام میں ایک بیان میں بین اسٹوکس نے کہا کہ ‘میں انگلینڈ کی جانب سے اپنا آخری ایک روزہ میچ منگل کو ڈرہم میں کھیلوں گا’۔

مزید پڑھیں: جو روٹ کی جگہ بین اسٹوکس انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

انگلش کپتان نے کہا کہ ‘میں نے اس فارمیٹ سے کنارہ کشی کا فیصلہ کرلیا ہے، یہ میرے لیے انتہائی مشکل فیصلہ تھا کیونکہ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ انگلینڈ کے لیے کھیلتے ہوئے ایک ایک لمحے سے محظوظ ہوا اور ہمارا سفر شان دار تھا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ فیصلہ اس لحاظ سے مشکل نہیں تھا کہ درحقیقت میں اس طرز میں اپنا 100 فیصد نہیں دے پا رہا تھا اور اب تینوں فارمیٹس میرے لیے غیریقینی کا باعث ہیں’۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف ڈرہم میں ہونے والا ون ڈے بین اسٹوکس کے کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی شہرت لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں یادگار کارکردگی ہے جہاں انہوں نے انگلینڈ کو تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی چمپیئن بننے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔

بین اسٹوکس نے ورلڈ کپ کے بعد انجریز اور دیگر مسائل کے باعث صرف 9 مرتبہ اس طرز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی۔

31 سالہ مشہور آل راؤنڈر جنوبی افریقہ کے خلاف منگل کو اپنا آخری ایک روزہ میچ کھیلیں گے تاہم وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بطور کپتان اور ٹی20 کیریئر جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بین اسٹوکس 'نیوزی لینڈر آف دی ایئر' ایوارڈ کے لیے نامزد

بین اسٹوکس نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو آئرلینڈ کے خلاف 25 اگست 2011 کو ڈبلن میں کیا تھا اور اب تک 104 میچوں میں 2 ہزار 919 رنز بنائے اور 74 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر روب کی نے بین اسٹوکس خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسٹوکس کا ایک روزہ کیریئر شان دار رہا ہے اور ورلڈ کپ کے فائنل میں کارکردگی مثالی تھی۔

بین اسٹوکس کا فیصلہ انگلینڈ کو ایک روزہ سیریز میں بھارت کے ہاتھوں 1-2 کی شکست کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے 48 رنز بنائے اور تینوں میچوں میں صرف 3 اوورز کروائے تھے۔

خیال رہے کہ بین اسٹوکس کو رواں برس اپریل میں جوروٹ کے استعفے کے بعد انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں