قطر، متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی

29 جولائ 2022
مالی نقصانات کے سوا کسی جانی نقصان یا بری طرح زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں—فوٹو : رائٹرز/اے ایف پی
مالی نقصانات کے سوا کسی جانی نقصان یا بری طرح زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں—فوٹو : رائٹرز/اے ایف پی

قطر اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گزشتہ روز شدید بارشوں کی زد میں آ گئے جس سے سڑکوں پر پانی بھر گیا اور سیلاب سے بچنے کے لیے بہت سے شہری ہوٹلوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’خلیج ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارش کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کے مشرقی حصوں میں سیلاب نے مکانات کو نقصان پہنچایا اور گاڑیاں بہہ گئیں، موسم کی شدید صورتحال کے باعث متحدہ عرب امارات کا محکمہ موسمیات ریڈ الرٹ جاری کرنے پر مجبور ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریباً ایک روز جاری رہنے والی بارش کے بعد ایک ہائی وے پر گاڑیاں سیلابی پانی کی وجہ سے پھنس گئیں، دیگر ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ امدادی کارکن سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’العربیہ انگلش‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی 20 سے زائد ہوٹلوں سے 827 یونٹس فراہم کرنے کے لیے رابطہ کر رہی ہے جہاں سیلاب سے متاثرہ ایک ہزار 885 بے گھر افراد کو رہائش فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات میں بارشوں سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شارجہ اور فجیرہ میں کم از کم 870 افراد کو ریسکیو کیا گیا اور مجموعی طور پر کم از کم 3 ہزار 897 افراد کو پناہ گاہیں فراہم کی گئیں، میڈیا آؤٹ لیٹ نے رپورٹ کیا کہ مالی نقصانات کے سوا کسی جانی نقصان یا بری طرح زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

متحدہ عرب امارات کے حکام زیر آب سڑکوں کو صاف کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، انہوں نے رہائشیوں سے چوکنا رہنے اور وادیوں، ڈیموں اور پہاڑوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے جہاں پانی کا تیز بہاؤ ہے۔

نیشنل نیوز نے رپورٹ کیا کہ حالیہ روز میں ہونے والی طوفانی بارش نے شمالی متحدہ عرب امارات میں بڑے پیمانے پر متاثر کیا جس کے نتیجے میں سڑکیں پانی سے بھر گئیں اور بندشیں ٹوٹ کر بہہ جانے سے گھروں کو نقصان پہنچا۔

قطر میں ورلڈ کپ کے لیے قائم اسٹرکچر کے نزدیک سڑکیں زیر آب

دریں اثنا قطر کے دارالحکومت دوحہ کی سڑکیں شدید بارشوں کے بعد زیر آب آگئیں، خبر رساں ادارے ’مڈل ایسٹ آئی‘ نے گزشتہ روز ہونے والی بارش کے نتیجے میں ورلڈ کپ کے لیے قائم اسٹرکچر کے نزدیک زیر آب سڑکوں اور گاڑیوں کی اطلاع دی، قطر میں رواں سال نومبر میں فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی متوقع ہے۔

خبر رساں ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق بارش اور گرج چمک کا سلسلہ گزشتہ روز صبح شروع ہوا جو اس ہفتے کے آخر تک جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں: قطر کا ورلڈ کپ کیلئے آنے والے شائقین کی ٹینٹ میں میزبانی کا فیصلہ

قطر نیوز ایجنسی کے مطابق محکمہ موسمیات میں سربراہ برائے پیش گوئی اور تجزیہ محمد علی الکوبیسی نے کہا کہ دوحہ میں مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے تک تقریباً 38 ملی میٹر اور الوکرہ میں 29.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

میڈیا آؤٹ لیٹ کے مطابق ’دوحہ میں جولائی میں بارش نہیں ہوتی کیونکہ جزیرہ نما عرب کے زیادہ تر حصے کے لیے گرمیوں میں عمومی پیش گوئی گرم، خشک اور گرد آلود ہوتی ہے، تاہم مون سون کی بارشیں بھارت سے باہر برسنے کے بعد اس کے کچھ حصوں، خاص طور پر عمان اور یمن کو متاثر کرتی ہیں جہاں موسم گرما میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں