کامن ویلتھ گیمز 2022 کا برمنگھم میں رنگارنگ تقریب سے افتتاح

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2022
گیمز میں پاکستانی دستے کی قیادت بسمہ معروف اور انعام بٹ نے کی — فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
گیمز میں پاکستانی دستے کی قیادت بسمہ معروف اور انعام بٹ نے کی — فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

انگلینڈ میں کامن ویلتھ گیمز 2022 کی رنگا رنگ اور دلکش افتتاحی تقریب برمنگھم کے الیگزینڈر اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں شہزادہ چارلس نے گیمز کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب کو معروف ٹی وی سیریز پکی بلائنڈرز کے ڈائریکٹر اسٹون نائٹ نے ڈائریکٹ کیا جبکہ تقریب کے کری ایٹو ڈائریکٹر پاکستانی نژاد برطانوی اقبال خان تھے۔

کامن ویلتھ گیمز 2022 کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے الیگزینڈر اسٹیڈیم میں موجود 30 ہزار سے زائد تماشائی ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی دلکش اور رنگا رنگ تقریب سے لطف اندوز ہوئے۔

شہزادہ چارلس نے مختلف ملکوں کے بعد میزبان انگلینڈ میں بھی 25 روز کا ٹور مکمل کرنے والی مشعل وصول کرنے کے بعد کھیلوں کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا جس کے ساتھ میدان تالیوں سے گونج اٹھا، اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائی تقریب میں موسیقی، رقص اور آتش بازی کے شاندار مظاہرہ سے لطف اندوز ہوئے۔

افتتاحی تقریب میں ملکہ برطانیہ کی 1958 سے آج تک کی مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات کی ویڈیو بھی دکھائی گئی، البتہ ملکہ کی خراب صحت کی وجہ سے ان کی جگہ پرنس چارلس نے شرکت کی لیکن تقریب میں ملکہ کا کامن ویلتھ ممالک کے عوام کے نام خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔

اس موقع پر نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔

گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ٹیموں کا مارچ پاسٹ ہوا جس میں پاکستان کا 103 رُکنی دستہ بھی شریک ہوا جس میں پاکستانی دستے کی قیادت ریسلر انعام بٹ اور ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کی، شلوار قمیض اور ویسٹ کوٹ میں ملبوس پاکستان کا دستہ میدان میں داخل ہوا تو تماشائیوں سے خوب داد سمیٹی۔

برمنگھم کے معروف یو بی 40 بینڈ نے گیمز کا آفیشل ترانہ 'چیمپیئن گایا تو تماشائی اور ایتھلیٹس بھی ہمنوا ہوگئے، اسی طرح 80 اور 90 کی دہائی میں موسیقی کی دنیا پر راج کرنے والے بینڈ (ڈرین ڈرین) نے اپنے مشہور گیتوں سے ماحول گرمایا، ٹونی لومی، اینڈیگو مارشل، گنی لیمون اور سٹی آف برمنگھم سیمفونی آرکسڑا نے بھی اپنی شاندار پرفارمنس سے دل جیت لیے، تقریب کو چار چاند لگانے کے لیے 2 ہزار رضاکارروں کی خدمات بھی لی گئی تھیں۔

کامن ویلتھ گیمز 2022 میں 72 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 5 ہزار سے زیادہ ایتھلیٹس 8 اگست تک 19 کھیلوں میں 280 تمغوں کے لیے پنجہ آزمائی کریں گے۔

مجموعی طور پر 14 وینیوز پر مقابلے شیڈول ہیں، پاکستان کا 103 رکنی دستہ 12 گیمز میں شرکت کر رہا ہے۔ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کے پہلے روز سوئمنگ، جمناسٹک، ٹریک سائیکلنگ، ٹرائی تھلون میں مجموعی طور پر 16 میڈلز کا فیصلہ ہوگا۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈین خواتین ٹیم کے خلاف ایکشن میں ہو گی جبکہ ہاکی ٹیم کا پہلا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہفتہ کو ہوگا۔

پاکستان ایتھلیٹس سے ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، باکسنگ کے ساتھ ساتھ ویمن کرکٹ کی جانب سے بھی میڈل جیتنے کی امید ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں