لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا پشاور سے تبادلہ، کور کمانڈر بہاولپور تعینات

اپ ڈیٹ 08 اگست 2022
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو گزشتہ برس کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا تھا — فوٹو: آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو گزشتہ برس کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا تھا — فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج نے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تبادلہ کرتے ہوئے کور کمانڈر بہاولپور تعینات کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج میں ہونے والی تعیناتیوں اور تبادلے میں لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نئے ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

بیان میں بتایا گیا کہ موجودہ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا بطور کور کمانڈر بہاولپور تبادلہ کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا کو پاک آرمی کا ملٹری سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں اور تبادلے کیے گئے تھے اور اس وقت بطور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) خدمات انجام دینے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اس سے قبل 16 جون 2019 کو لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ آئی ایس آئی کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اپریل 2019 میں ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنایا گیا تھا اور اس وقت وہ آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلی جنس کے طور پر کام کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور کورکمانڈر کے حوالے سے سینئر سیاست دانوں کے بیانات انتہائی نامناسب ہیں، آئی ایس پی آر

آرمی کی بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا تھا جب ملک کے لیے اندرونی اور بیرونی سطح پر سیکیورٹی چیلنجز میں اضافہ ہوگیا تھا۔

ان کا نام سب سے پہلے اس وقت سامنے آیا تھا جب انہوں نے نومبر 2017 میں ایک مذہبی گروپ کی جانب سے فیض آباد میں دیا گیا دھرنا معاہدے کے ذریعے ختم کرانے میں مدد کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں کور کمانڈر کوئٹہ سمیت پاک فوج کے 6 افسران اور جوان شہید ہوگئے تھے، جس کے بعد سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں