شہدا کے خلاف مہم چلانے والوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی کے کہنے پر مہم چلائی، مریم اورنگزیب

10 اگست 2022
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جب  گالیاں دیتے تھے نواز شریف بجلی کے منصوبے لگاتا تھا  —فوٹو: ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جب گالیاں دیتے تھے نواز شریف بجلی کے منصوبے لگاتا تھا —فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے یہ ان کے اکسانے اور حکم دینے پر سوشل میڈیا پر سانحہ لسبیلہ کے شہیدوں کے خلاف مہم چلائی گئی اور جب وہ پکڑے گئے تو انہوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی کے کہنے پر مہم چلائی گئی۔

اسلام اۤباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا کہ فوج کے بارے میں اور ان بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ شہریوں کی مدد کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کے بارے میں سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی جائے۔

مزید پڑھیں: بغاوت کی دعوت دینا آزادی اظہارنہیں، سخت ایکشن ہوگا، خرم دستگیر

عمران خان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ اۤج جو کچھ اۤپ کے ساتھ ہو رہا ہے، جو نفرت کے بیج اۤپ نے بوئے ہیں وہی کاٹ رہے ہیں اور اۤپ کی پوری سیاست نفرت، فساد، غنڈہ گردی اور فتنے پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ میری پارٹی بند ہو رہی ہے تو پہلی بات یہ کہ اۤپ کی پارٹی نے شہدا کے خلاف ٹرولنگ کی اور نوجوان سوشل میڈیا ٹرولرز کو بنی گالہ سے احکامات ملے کہ جب ممنوعہ فنڈنگ پر بات کی جائے تو سوشل میڈیا پر مہم چلا کر اس پر سے دھیان ہٹا دو۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان سے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف لڑائی اۤپ نے لڑی ہے اور اۤپ خود کا موازنہ نواز شریف سے کرتے ہیں جو 3 بار منتخب وزیر اعظم بنے اور تینوں بار ان کو نکالا گیا، مگر کارگل سے لے کر تمام راز ملک کی خاطر سینے میں دفن کیے اور جب ان کو نکالا گیا تھا تو انہوں نے صرف یہ کہا کہ اۤئینی ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں جن کا اۤج بھی یہی مؤقف ہے مگر اۤپ کہتے ہیں کہ ادارہ سیاست میں مداخلت کرے اور وہ اۤپ کی کرسی نہ بچائے تو وہ جانور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اۤپ کے ترجمان نے پورے 15منٹ تک اۤپ کا لکھا ہوا بیان دیا، جس میں اۤپ نے افواج پاکستان کے رینکس میں بغاوت پیدا کرتے ہوئے کہا کہ لانس نائیک سے لے کر برگیڈیئر تک سب تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ان کے حلف کی خلاف وزری کرنے پر انہیں اکسایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں اۤگ لگانا چاہتا ہے اور انہوں نے اداروں کے اندر بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا ک عمران خان کہتا ہے کہ امپورٹڈ حکومت ان کی پارٹی کو ختم کرنا چاہتی ہے مگر ان کی پارٹی کو ممنوعہ فنڈنگ بند کرے گی جو انہوں نے لے کر اپنی پارٹی کو 'فارند ایڈڈ پارٹی' قرار دیا اسی طرح ایک شخص نے جماعت بھی خراب کی ملک بھی خراب کیا اور اداروں کی ساکھ کو بھی خراب کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ جب بیری شنفس، اندر دوسان اور رومیتا شیٹھی سے فنڈنگ لی جائے گی تو ان کی کمٹمنٹ پر بھی پورا اترنا ہوگا اس لیے تحریک انصاف کو جس نے بھی نقصان پہنچایا اس کا نام عمران خان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے توشہ خانہ سے جتنا کمایا اتنا زندگی بھر نہیں کمایا، مریم اورنگزیب

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے کہ کس جمہوریت میں حساب لیا جاتا ہے تو اب یہ بھی بتائیں کہ میڈیا پر پابندیاں، صحافیوں کو گولی مارنا، ٹاک شوز بند کروانا، سیاسی مخالفین کی گاڑیوں سے 15 کلو ہیروئن براۤمد کرو کس جمہوریت میں ہوتا ہے، ایسا کس جمہوریت میں ہوتا ہے کہ ملکی سالمیت اور دفاعی اداروں کے درمیاں تقسیم پیدا کرو اور بغاوت پیدا کرو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی قوت دی اور جو اس نے ترقی دی وہ تم اپنی زندگی میں بھی نہیں دے سکتے، نواز شریف نے اپنے شہدا کے لیے جو بیانات دیے ہیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، نواز شریف نے اس ملک کا دفاع، سالمیت اور بقا کے لیے جو کیا ہے اس حوالے سے پاکستان کا ذرہ ذرہ گواہی دے رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال تک ہم نے عمران خان کے الزام اور جھوٹ برداشت کیے اور جب ہم حکومت میں اۤئے تو پھر بھی ان کی اۤواز نہیں دبائی حالانکہ گھنٹوں تک جھوٹ بولتے رہتے ہیں مگر اب زیرو ٹالرنس ہے اب جو بھی اداروں کے خلاف بولے گا اس عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص اپنے دوستوں کے جنازوں میں بھی شریک نہیں ہوتا، ان کو استعمال کرنے کے بعد فارغ کر دیتا ہے، سعودی عرب میں نوجوانوں کو اکسایا اب ان کو دس دس سال سزا ہوگئی ہے اور ایک بیان تک نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: دوسروں پر الزام لگانے والا عمران نیازی جھوٹا، چور اور سازشی ہے، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اپنی شکل دیکھو جو نواز شریف سے موازنہ کرنے چلے ہو، جب تم گالیاں دیتے تھے تو نواز شریف بجلی کے منصوبے لگاتا تھا اور اس ملک کو طاقت ور معیشت دی، نواز شریف نے اپنی کرسی اور اقتدار قربان کیا مگر اۤئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کے تماشے نہیں چل سکتے اور نہ ہی کوئی اس ملک دشمنی کی اجازت دے گا، جو پارٹی سربراہ بیرونی ایجنٹ ہو، جس کی جماعت فارنڈ ایڈڈ ہو، جو شخص جھوٹا ہو، جھوٹے حلف نامے جمع کروائے ہوں وہ قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔

تبصرے (0) بند ہیں