انتظار ختم’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو اکتوبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

فلم کو اکتوبر میں ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فلم کو اکتوبر میں ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

فلمی شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ پروڈیوسرعمارہ حکمت اور ہدایت کار بلال لاشاری کی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو رواں برس اکتوبر میں ریلیز کردیا جائے گا۔

فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شیئر کیے گئے فلم کے نئے پوسٹر کے ساتھ اس کی ریلیز کا اعلان کیا گیا۔

پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے فلم کو 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے سینماؤں میں پیش کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ ‘ورائٹی’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلم کو ریلیز کرنے کے اعلان پر ماہرہ خان اور فواد خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ فلم شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب جائے گی۔

فواد خان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ جس طرح وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران لطف اندوز ہوئے تھے، شائقین بھی ایسے ہی اسے دیکھنے کے بعد خوش ہوں گے۔

ماہرہ خان کا فلم کی ریلیز کے اعلان کے موقع پر کہا ہے کہ انہوں نے ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی شوٹنگ کے دوران اداکاری کی ایسی زبان سیکھی، جو انہیں پہلے نہیں آتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو آخر کار ریلیز کیلئے گرین سگنل مل گیا

ان کا کہنا تھا کہ چاہے وہ کسی اور فلم یا ڈرامے کی تشہیر میں مصروف رہتی تھیں مگر ان سے ہمیشہ ہی لوگوں نے ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے بارے میں پوچھا۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ فلم شائقین کو لطف اندوز کرنے میں کامیاب جائے گی۔

فلم میں فواد خان مولا جٹ اور حمزہ علی عباسی نوری نتھ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ
فلم میں فواد خان مولا جٹ اور حمزہ علی عباسی نوری نتھ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ

‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو ابتدائی طور پر 2013 کے بعد بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور طویل عرصے بعد 2017 میں اس کی پہلی جھلکیاں جاری کی گئی تھیں۔

فلم کا ٹریلر 2018 میں ریلیز ہونے کے بعد اس فلم کی ٹیم کا اسی نام سے بنائی گئی پرانی پنجابی فلم کی ٹیم سے تنازع ہوا اور معاملہ عدالتوں تک جا پہنچا۔

مزید پڑھیں: ‘مولا جٹ-2’ کی کاسٹ کو پروڈیوسر کی دھمکی

پرانی فلم ‘مولا جٹ’ کے پروڈیوسر محمد سرور بھٹی نے نئی فلم کی ٹیم پر کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس پر دونوں پارٹیوں کے درمیان فروری 2020 میں معاہدہ ہوگیا تھا۔

مولا جٹ کے نام سے 1979 میں پنجابی فلم بنائی جا چکی ہے—پرومو فوٹو
مولا جٹ کے نام سے 1979 میں پنجابی فلم بنائی جا چکی ہے—پرومو فوٹو

کاپی رائٹس کے تنازع کے بعد امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ فلم کو اسی سال ریلیز کردیا جائے گا مگر کورونا کی وجہ سے اس کی نمائش تاخیر کا شکار رہی اور اب اسے اکتوبر میں پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ بظاہر 1979 میں بنائی گئی فلم ‘مولا جٹ’ سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے اور کرداروں کے نام بھی پرانی فلم کے کرداروں جیسے رکھے گئے تاہم نئی فلم کی ٹیم کے مطابق انہوں نے پرانی فلم سے متاثر ہوکر فلم نہیں بنائی۔

فلم میں ماہرہ خان، حمیمہ ملک، حمزہ علی عباسی اور فواد خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی مولا جٹ یعنی (فواد خان) اور نوری نت یعنی (حمزہ علی عباسی) کے گرد گھومتی نظر آتی ہے جبکہ ماہرہ خان بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں