پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 614 پوائنٹس کا اضافہ

اپ ڈیٹ 12 اگست 2022
آج ٹریڈنگ کے آغاز کے فوری بعد ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی
آج ٹریڈنگ کے آغاز کے فوری بعد ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کے دوران تیزی دیکھی گئی اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 614 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کی وجہ روپے کی مضبوطی اور غیر ملکی زرمبادلہ کی آمد کی توقعات ہیں۔

پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک ‘کے ایس ای 100 انڈیکس’ 614.24 پوائنٹس یا 1.45 فیصد اضافے کے ساتھ 42ہزار857 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز سیاسی گرما گرمی اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ گزشتہ 5 روز سے جاری تیزی میں کچھ کمی دیکھی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 550 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

تاہم، آج ٹریڈنگ کے آغاز کے فوری بعد ہی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور تقریبا 4 بجکر 30 منٹ پر انڈیکس 42 ہزار 874 کی سطح تک پہنچ گیا تھا۔

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے کہا کہ روپے کی قدر میں اضافے اور وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے بیان دیا تھا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جس نے مارکیٹ میں تیزی کو بحال کیا۔

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز میں ریسرچ کے سربراہ رضا جعفری نے کہا کہ روپے کی مسلسل مضبوطی اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے لیٹر آف انٹینٹ موصول ہونے خبروں کے باعث اسٹاک مارکیٹ اوپر کی جانب جا رہی ہے۔

وہ اخبار ‘دی نیوز’ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دے رہے تھے جس میں وزارت خزانہ کے حکام کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ وہ عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے بہت جلد لیٹر آف انٹینٹ موصول ہونے کی توقع کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان برقرار، پاکستانی کرنسی میں 3.28 روپے کا اضافہ

اس سے قبل آج ملک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا اور انٹربینک مارکیٹ میں 3 روپے 28 پیسے کا اضافہ ہوا۔

فرسٹ نیشنل ایکوئٹیز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر عامر شہزاد نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں بہتری کے بعد مارکیٹ میں مزید تیزی کا رجحان دیکھا جا سکتا ہے۔

عامیر شہزاد نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں تیزی کا رجحان آئندہ ہفتے بھی جاری رہ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایم ایف کی قسط 19 اگست سے پہلے موصول ہو جاتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ مانیٹری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی جس کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں مزید تیزی آئے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں