جیولن تھرو کا ایک اور ریکارڈ، طلائی تمغہ ارشد ندیم کے نام

13 اگست 2022
ارشد ندیم نے 88.55 کی ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا— فوٹو: کونیا 2021
ارشد ندیم نے 88.55 کی ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا— فوٹو: کونیا 2021

پاکستان کے ارشد ندیم نے جیولن تھرو کا ایک اور ریکارڈ اور نیا طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے جیولن تھرو میں طلائی تمغہ جیتنے کی بعد 25 سالہ ارشد ندیم نے اسلامی یکجہتی گیمز میں 88.55 میٹرز کی تھرو کے ساتھ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

ترکیہ کے شہر قونیہ میں اسلامی یکجہتی گیمز میں ارشد ندیم شروع ہی سے ٹاپ پر رہے۔

گیمز میں 83.45 میٹر کا پچھلا ریکارڈ اپنے نام کرنے والے قطر کے احمد ماگور نے 74.28 میٹر کی تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ ایران کے علی فتحی گنجی نے 71.24 میٹر کے تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں : 6 پاکستانیوں سمیت 8 کوہ پیما ‘گیشر برم-I’ سر کرنے میں کامیاب

ارشد نے یہ کارنامے کہنی کی چوٹ کے باوجود حاصل کیے ہیں جہاں گزشتہ سال ٹوکیو اولمپکس کے بعد سے وہ مسلسل اس کہنی کی انجری کی وجہ سے مسائل سے دوچار ہیں۔

پہلی باری میں 79.40 کی تھرو کے بعد دوسری اور تیسری باری میں انہوں نے بالترتیب 82.40 میٹر اور 83.33 میٹر کی تھرو کیں جو اسلامک گیمز کی سب سے بڑی تھرو کا ریکارڈ ہے۔

اسلامی یکجہتی گیمز کا جاری پانچواں ایڈیشن ابتدائی طور پر پچھلے سال منعقد ہونا تھا لیکن کووڈ-19 کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

اتوار کو ارشد نے برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا تھا، ایسا کرتے ہوئے وہ اس کھیل میں 90 میٹر کا ہندسہ عبور کرنے والے دوسرے ایشیائی ایتھلیٹ بن گئے۔

مزید پڑھیں: پاک۔بھارت کرکٹ میچز 'فائرنگ کے بغیر جنگ'

جولائی میں ارشد ندیم اوریگون میں عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پانچویں نمبر پر رہے تھے۔

چین میں ایشین گیمز اگلے سال تک ملتوی ہونے کے بعد ارشدندیم اب کیمبرج یونیورسٹی کے ڈاکٹر علی شیر باجوہ کی مشاورت سے لندن میں اپنی کہنی کا علاج کرائیں گے۔

ممکنہ طور پر ان کا علاج اگلے ماہ تک مکمل ہوجائے گا تاکہ وہ اگلے سال مئی کے ایشین گیمز میں کم بیک کر سکیں۔

ارشد کا کہنا ہے کہ وہ 2024 کے پیرس اولمپکس کے لیے اپنے آپ کو فٹ رکھنا چاہتے ہیں تاکہ وہ جیولن کا عالمی ریکارڈ توڑ سکیں جو 98.48 میٹر کا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں