انگلینڈ کے خلاف 17 سال بعد ہونے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری

22 اگست 2022
انگلینڈ کی ٹیم آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان آئی تھی—فائل/فوٹو: رائٹرز
انگلینڈ کی ٹیم آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان آئی تھی—فائل/فوٹو: رائٹرز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ہوم ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا، جس کے مطابق دسمبر میں ہونے والی سیریز کے میچز راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر کو راولپنڈی بقیہ دونوں میچ بالترتیب 9 اور 17 دسمبر کو شروع ہوں گے، یہ میچز بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کی ٹیم سات ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی

پی سی بی کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے گی جبکہ قومی ٹیم یہاں 12 میچوں کی میزبانی کرچکی ہے، جس میں سے 5 میں فتح اور 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور آخری ٹیسٹ ملتان میں کھیلا گیا تھا جہاں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

ملتان میں اب تک کھیلے گئے 5 ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان کو 3 میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ کی ٹیم رواں برس سیریز کا آخری میچ کراچی میں کھیلے گی جہاں 2000 میں ناصر حسین کی قیادت میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کرکے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کی مسلسل 34 فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا تھا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اب تک پاکستان کو 23 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی اور صرف 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انگلینڈ کے دورے کے حوالے سے پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ کی ایک مرتبہ پھر میزبانی پر بہت خوشی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کا اگلے سال دورہ پاکستان، دو اضافی ٹی 20 میچز کھیلنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ آخری مرتبہ 2005 میں مقابلہ کرنے والی دونوں ٹیموں میں بڑی تبدیلی آچکی ہے تاہم امید ہے کہ یہ سیریز دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے شائقین کی توقعات کے عین مطابق دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگی۔

ذاکر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے مداحوں کو انگلینڈ کے ایلیٹ کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کے لیے 17 سال تک انتظار کرنا پڑا ہے، تاہم ان میں سے اکثر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کے لیے پاکستان آچکے ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ کسی ملک کے لیے کھیل کا اہم ترین فارمیٹ ہوتا ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی جانے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، چیمپئن شپ میں انگلینڈ کی ٹیم ساتویں اور پاکستان پانچویں نمبرپر موجود ہے۔

شیڈول:

پہلا ٹیسٹ: یکم تا 5 دسمبر ، راولپنڈی

دوسرا ٹیسٹ: 9 تا 13 دسمبر، ملتان

تیسرا ٹیسٹ: 17 تا 21 دسمبر، کراچی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں