عمران خان اور شوکت ترین کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست

31 اگست 2022
شکایت کنندہ نے پولیس سے چاروں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی— فوٹوز: ڈان نیوز
شکایت کنندہ نے پولیس سے چاروں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی— فوٹوز: ڈان نیوز

اسلام آباد پولیس کو پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین اور پنجاب اور خیبر پختونخوا کے موجودہ وزرائے خزانہ محسن خان لغاری اور تیمور خان جھگڑا کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا کے ذریعے دو آڈیو کلپس منظر عام پر آئے جن میں شوکت ترین نامی شخص کو دونوں صوبائی وزرا کو یہ ہدایت کرتے سنا جا سکتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت اور آئی ایم ایف سے کہیں کہ وہ پاکستان میں تباہی مچانے والے حالیہ سیلاب کی روشنی میں صوبائی بجٹ سرپلس کا وعدہ پورا نہیں کر سکیں گے۔

مزید پڑھیں: شوکت ترین کی مبینہ آڈیو کال لیک ہوگئی

ان آڈیوز کے بعد پی ٹی آئی کے خلاف تنقید کا آغاز ہوا اور حکمران اتحاد نے ان پر الزام لگایا کہ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت کے معاہدے کو پٹڑی سے اتارنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں۔

ڈان کو دستیاب یہ درخواست ای-7 کے رہائشی امن ترقی پارٹی کے بانی اور چیئرمین محمد فائق شاہ نے تھانہ کوہسار میں جمع کرائی ہے۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ 29 اگست کو رات 11 بج کر 50 منٹ پر انہوں نے صحافی حامد میر کا ایک ٹویٹ دیکھا جس میں دو آڈیو شیئر کی گئیں، ان آڈیوز میں شوکت ترین صوبائی وزرا محسن لغاری اور تیمور خان جھگڑا کو ہدایت دے رہے تھے کہ وہ آئی ایم ایف کے معاہدے میں رکاوٹیں پیدا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: آڈیو لیک: طے ہوگیا کہ خط آئی ایم ایف پروگرام سبوتاژ کرنے کیلئے لکھا گیا، مفتاح اسمٰعیل

درخواست میں کہا گیا کہ شوکت ترین واضح طور پر کہہ رہے تھے کہ جس طرح حکومت نے پی ٹی آئی کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کیے ہیں، آئی ایم ایف کے معاہدے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے اس پر دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے، یہ بھی کہا گیا کہ فیصلہ عمران خان سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے جاوید چوہدری کے پروگرام کل تک کے دوران اعتراف کیا تھا کہ یہ پارٹی کا بیانیہ تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف سازش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

شکایت کنندہ نے کہا کہ عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سری لنکا کی طرح پاکستان بھی ڈیفالٹ کرے گا، انہوں نے الزام لگایا کہ ایسی سازشیں بیرونی طاقتوں کی ہدایت پر رچی جارہی ہیں اور یہ ملک سے غداری ہے۔

مزید پڑھیں: شوکت ترین کی ‘آڈیو لیک’ میں کوئی غلط بات نہیں ہے، اسد عمر

شکایت کنندہ نے پولیس سے چاروں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں