حمزہ شہباز کی لندن سے وطن واپسی، گرفتار کیے جانے کا امکان

اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2022
حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل سے نکلنے کے بعد وہ لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے—فائل فوٹو: ڈان
حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل سے نکلنے کے بعد وہ لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے—فائل فوٹو: ڈان

وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز لندن میں ایک ماہ قیام کے بعد واپس لاہور پہنچ گئے ہیں جس کے بعد اُن کی گرفتاری کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی لندن واپسی پر چند کارکنان نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُن کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں بدترین شکست کی وضاحت کیلئے حمزہ لندن روانہ

حمزہ شہباز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکلنے کے بعد وہ لندن کے لیے روانہ ہوئے تھے، یاد رہے رواں برس اپریل میں مسلم لیگ(ن) کے اقتدار میں آنے سے پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا تھا جس کے بعد انہیں لندن جانے سے روک دیا گیا تھا۔

تحریک انصان کی قیادت نے وزیر داخلہ راناثنا اللہ اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پر الزامات عائد کیے تھے کہ 25 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے دوران مسلم لیگ(ن) کے دونوں رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور حامیوں پر تشدد کیا تھا۔

تحریک انصاف کی اتحادی مسلم لیگ(ق) نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامی آرائی اور تصادم کے الزام میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف دشہ ترگدی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا اور مسلم لیگ (ن) کے 13 ایم پی ایز خلاف ہنگامہ آرائی کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن ان مقدموں میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو نامزد نہیں کیا گیا تھا۔

مزیدپڑھیں: مسلم لیگ (ن ) کا 16 اپریل کی ‘پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی’ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

16اپریل کو پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے الیکشن کے دوران مبینہ طور پر تشدد میں ملوث ہونے کے الزام میں پولیس کے پاس سیکیورٹی وارنٹ موجود تھے لیکن پولیس مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی کیونکہ وہ اسلام آباد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی اراکین اسمبلی کی گرفتاری میں ناکام کا ذمے داری پنجاب کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر کی ’ناقص حکمت عملی‘ کو قرار دیا تھا۔

یاد رہے حمزہ شہباز کے چچا اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف لندن میں نومبر 2019 سے خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں