بلوچستان: تاریخ میں پہلی بار خاتون افسر ڈپٹی کمشنر تعینات

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2022
عائشہ زہری نے خضدار کی انجینرنگ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ای کیا ہے — فوٹو: ڈان
عائشہ زہری نے خضدار کی انجینرنگ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ای کیا ہے — فوٹو: ڈان

بلوچستان حکومت نے خاتون افسر کو نصیر آباد کی ڈپٹی کمشنر تعینات کردیا، ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری کو سبکدوش ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد حسین کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سروس اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق انجینئر عائشہ زہری ڈپٹی کمشنر کے طور پر نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون ڈپٹی کمشنر تعینات

بلوچستان انتظامیہ کی تاریخ میں پہلی بار خاتون افسر کو ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔

عاشہ زہری الیکٹریکل انجینئر ہیں جو محکمہ آبپاشی میں خدمات انجام دے رہی تھیں، انہوں نے خضدار کی انجینئرنگ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینئرنگ کے شعبے میں بی ای کیا جس کے بعد انہوں نے واپڈا میں ایس ڈی او کے طور پر کام کیا، لیکن 2017 میں صوبائی کمیشن کا امتحان پاس کرکے وہ صوبائی سروسز کا حصہ بن گئی تھیں۔

چاغی میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر انہوں نے ضلع کے کئی جرائم پیشہ افراد اور منشیات کے اسمگلر کے خلاف چھاپے مارے، فائرنگ کے تبادلے کے بعد انہوں نے کئی مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا۔

مزید پڑھیں: وفاقی دارالحکومت کی بیوروکریسی میں تبدیلیاں شروع، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا تبادلہ

فائرنگ کے تبادلے کے دوران انہوں نے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا بھاری کیمیکل قبضے میں لیا جسے انہوں نے لیویز اسٹیشن پہنچایا۔

تاہم لیویز اسٹیشن نے کیمیکل کو تحویل میں لینے سے انکار کردیا اور مقدمہ درج کیا، اس معاملے پر میڈیا سے بات کرنے پر عائشہ زہری کے خلاف انضباطی کارروائی کی گئی جس کے بعد ان کا تبادلہ کرکے انہیں او ایس ڈی بنا دیا گیا۔

بعد ازاں انہیں ترقی دے کر ڈپٹی سیکریٹری (آبپاشی) کے طور پر تعینات کیا گیا، بولان میں شدید بارش اور ہنگامی صورتحال کے دوران انہوں نے بی بی نانی اور پنجرہ پُل کے درمیان پھنسے ہوئے سیلاب زدگان مسافروں کی مدد بھی کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں