سجل علی کی پہلی عالمی فلم کا ٹریلر جاری

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2022
ٹریلر میں سجل علی کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
ٹریلر میں سجل علی کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

شائقین کا طویل انتطار ختم ہوا اور سجل علی کی پہلی عالمی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں ان سمیت گلوکار راحت فتح علی خان کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔

‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کے دو منٹ سے بھی کم دورانیے کے ٹریلر میں فلم کے تمام مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔

فلم کی کہانی برطانوی لڑکی ‘زوئی’ (للی جیمز) اور پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے (شہزاد لطیف) کے گرد گھومتی ہے جو نہ صرف پڑوسی ہوتے ہیں بلکہ بچپن کے دوست بھی ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جمائما برطانوی و ایشیائی جوڑے کی شادی پر فلم بنائیں گی

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ شہزاد لطیف کے والدین ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور وہ ڈیٹنگ ایپس سمیت رشتے کرانے والے افراد کے پاس بھی ان کے رشتے لے جاتے ہیں مگر انہیں ناکام ملتی ہے، جس کے بعد وہ ان کی شادی پاکستانی لڑکی (سجل علی) سے طے کرتے ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ شہزاد لطیف کی شادی طے ہونے پر ان کی دوست زوئی بھی ان کے ہمراہ لندن سے لاہور آتی ہیں اور ان کی شادی کے تمام تقریبات اور مراحل کو شوٹ کرکے اس پر دستاویزی فلم بناتی ہیں، جس دوران انہیں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں جن کی وہ کئی سال سے منتظر تھیں۔

ٹریلر میں سجل علی کو پاکستانی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے جب کہ شبانہ اعظمی کو ان کی والدہ کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں گلوکار راحت فتح علی خان کی جھلک بھی دکھائی گئی جو کہ شہزاد لطیف اور سجل علی کی شادی کی تقریب میں پرفارمنس کرتے دکھائی دیں گے۔

مزید پڑھیں: ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کو ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش کرنے کا اعلان

ٹریلر میں دیگر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے جب کہ اسے دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں نہ صرف رومانس بلکہ کامیڈی اور دیسی ثقافت بھی دیکھنے کو ملے گی۔

یہ فلم سجل علی کی پہلی عالمی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ پاکستانی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

سجل علی فلم میں پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کریں گی——فوٹو: انسٹاگرام
سجل علی فلم میں پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کریں گی——فوٹو: انسٹاگرام

فلم کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور دے رہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جسے بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جمائما کی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ آئندہ سال ریلیز ہوگی

‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ (What’s Love Got To Do With It) کی کہانی جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھی ہے اور اسے ‘اسٹوڈیو کینال’ نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں پاکستانی اداکارہ سجل علی، بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی، عاصم چوہدری، جیف مرزا، مم شیخ، مریم حق اور سندھو وی شامل ہیں۔

فلم کو رواں برس کرسمس کے موقع پر عالمی سینماؤں میں پیش کیا جائے گا، ممکنہ طور پر اسے پہلے امریکا، کینیڈا، یورپی ممالک اور بھارت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے 2023 میں پاکستان اور برطانیہ میں ایک ساتھ ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں