اسلام آباد پولیس کو عملے اور سامان کی قلت کے باعث مشکلات کا سامنا

13 ستمبر 2022
حکام کے مطابق اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی نفری کی کُل تعداد11634 ہے—فوٹو: رائٹرز
حکام کے مطابق اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی نفری کی کُل تعداد11634 ہے—فوٹو: رائٹرز

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کی پولیس کو شہر کے 25 تھانوں کو چلانے کے لیے اسٹاف اور سامان کی قلت کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد میں جرائم کی شرح کو کنٹرول کرنے میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق چونکہ گزشتہ کئی سالوں کے دوران دارالحکومت کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے اس کی وجہ سے حکام نے جرائم پر قابو پانے کے لیے مزید 3 پولیس اسٹیشن قائم کیے ہیں جن میں سنگجانی، کرپا اور پھُلگراں پولیس اسٹیشن شامل ہیں، تاہم، ان پولیس اسٹیشنز میں پولیس عملہ، متعلقہ سامان اور عمارتوں سے لے کر ہاؤس اسٹیشن تک کی کمی کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے

25 پولیس اسٹیشن میں سے 9 پولیس اسٹیشنز میں نفری کی تعداد جاری نہیں کی گئی لیکن انہیں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے دوسرے تھانوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

ان 9 پولیس اسٹیشنز میں بنی گالہ، کھنہ، لوہی بھیر، شمس کالونی، کراچی کمپنی، نون، رمنا، کرپا اور سنگجانی تھانہ شامل ہیں۔

اسی طرح پھُلگران، کرپا اور سنگجانی پولیس اسٹیشن بالترتیب بارہ کہو، کورال اور ترنول تھانوں پر انحصار کررہے ہیں کیونکہ متعلقہ حکام ان تھانوں کی عمارتوں کی تعمیر نو میں ناکام رہے ہیں۔

دوسری جانب کھنہ اور لوہی بھیر پولیس اسٹیشن گرین بیلٹ اور مقبوضہ اراضی پر بنائے گئے ہیں جبکہ بنی گالہ تھانے کی کوئی مناسب عمارت موجود نہیں، ان تھانوں کی عمارت شہزاد ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے وردی پر نصب کیمرے کا باقاعدہ استعمال شروع کردیا

شمس کالونی پولیس اسٹیشن بھی لیز پر دی گئی عمارت پر قائم ہے جبکہ نیلور پولیس اسٹیشن ایک فیکٹری کے ذریعے کام کررہا ہے۔

سٹی زون

سٹی زون میں 7 پولیس اسٹیشن اور 4 چوکیاں قائم کی گئی ہیں، 5 پولیس اسٹیشنز میں پولیس اہلکاروں کی نفری کی تعداد 669 ہے جہاں صرف 408 اہلکار ڈیوٹی کے لیے دستیاب ہیں۔

آبپارہ پولیس اسٹیشن میں درکارنفری کی تعداد 200 ہے لیکن اس میں 55 اہلکارکام کررہے ہیں، سیکریٹریٹ پولیس اسٹیشن میں کُل نفری 101 میں سے 48 اہلکار ہیں، تھانہ کوہسار میں 200 درکار نفری کے بجائے 63 پولیس اہلکار ہیں جبکہ بارہ کہو میں 102 کی نفری درکار ہونے کے باوجود صرف 49 اہلکارڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

حکام کے مطابق خواتین پولیس اسٹیشن میں کُل نفری کی تعداد 66 ہے جس کے مقابلے 81 خاتون پولیس اہلکار ڈیوٹی پر معمور ہیں، بنی گالہ اور پُھلگران پولیس اسٹیشن میں نفری کی تعداد جاری نہیں کی گئی لیکن وہاں بالترتیب 56 اور 43 اہلکار ڈیوٹی پر معمور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کو اشتہاری اور عدالت سے مفرور 11ہزار ملزمان مطلوب

اسی طرح بری امام، پیر سوہاوہ، مالپور اور مُونال میں چوکیوں کے لیے نفری موجود نہیں ہے تاہم ان مقامات پر بالترتیب 6، 2، 2 اور 3 پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔

دیہی زون

دیہی زون میں نفری کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جہاں 7 تھانوں میں سے 4 تھانوں میں 406 اہلکاروں کی نفری درکار ہے لیکن وہاں بھی صرف 368 اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

شہزاد ٹاؤن میں کُل 102 اہلکاروں کی نفری درکار ہے جبکہ صرف 49 پولیس اہکار تعینات ہیں، اسی طرح سہالہ تھانے میں کُل سرکاری نفری 101 کے بجائے صرف 60 اہلکار، کوران میں درکاری نفری 102 میں سے صرف 63 اہلکار جبکہ نیلوز میں 101 درکار نفری میں سے صرف 47 پولیس اہلکارفرائض انجام دے رہے ہیں۔

جبکہ کھنہ، لوہی بھیر اور کرپا پولیس اسٹیشن میں بالترتیب 59، 45 اور 38 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں سینئر پولیس افسران کے تبادلے جاری

افسران کا کہنا تھا کہ چوکی راوت، چوکی ڈی ایش اے فیز 1 میں درکار نفری نہ ہونے کی وجہ سے صرف 3 اور 4 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

صنعتی ایریا زون

سبزی منڈی اور انڈسٹریل ایریا پولیس اسٹیشن کے لیے درکار 300 اہلکاروں کی نفری کے مقابلے میں صرف 250 اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

شمس کالونی اور نون کے لیے درکار نفری کی تعداد جاری نہیں کی گئی لیکن یہاں بالترتیب 50 اور 68 پولیس اہلکار دوسرے تھانوں سے لائے گئے ہیں جو ان تھانوں میں تعینات ہیں۔

صدر زون

صدر زون میں 7 پولیس اسٹیشن اور 3 چوکیاں قائم ہیں، ان میں کُل نفری کی تعداد 563 ہے، جس کے مقابلے صرف 413 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق صرف 4 تھانوں میں نفری درکار ہے جن میں مارگلہ، شالیمار، گولڑہ اور ترنول شامل ہیں، رمنا، کراچی کمپنی اور سنگجانی تھانوں میں درکار نفری کی تعداد جاری نہیں کی گئی لیکن ان تھانوں میں بالترتیب 61، 58 اور 43 پولیس اہکار تعینات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 2سینئر پولیس اہلکاروں کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حوالے

چوکی جی 12، چوکی جی 13 اور چوکی ڈی 12 میں مخصوص تعداد کا عملہ نہ ہونے کے سبب صرف بالترتیب 3، 8 اور 7 افراد کا عملہ موجود ہے۔

حکام کے مطابق دارلحکومت اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی نفری کی کُل تعداد 11 ہزار 634 ہے جبکہ ایک ہزار 951 نشستیں خالی ہیں۔

دارالحکومت پولیس میں کانسٹیبل سے لے کر ایس آئی رینک تک کے اہل اہلکاروں کی دستیابی کے باوجود متعلقہ پولیس افسران نے محکمانہ ترقیوں کا عمل روک دیا ہے اور سندھ ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سے پولیس اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دارلحکومت کی پولیس اور دیگر صوبائی پولیس کے محکموں میں آمدنی کے فرق کے وجہ سے اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران کو ممکنہ طور پر ابھی تک جواب نہیں ملا ہے۔

مزید پڑھیں: سانحہ 12 مئی کیس: مفرور 16 ملزمان کی گرفتاری کیلئے اشتہار

پولیس پبلک ریلیشن برانچ کے چیف ڈپٹی انسپکٹر جنرل ہیڈ کوارٹر اویس احمد نے تصدیق کی ہے کہ شمس کالونی تھانہ کرائے کی عمارت میں قائم ہے جبکہ لوہی بھیر پولیس اسٹیشن اراضی زمین کی عمارت پر قائم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنی گالہ اور کھنہ میں کی عمارتیں بھی مناسب تعمیر نہیں کی گئیں، جبکہ کرپا، سنگجانی اور پھولگراں پولیس اسٹیشن کا عملہ تھانوں کی حدود سے باہر کام کررہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں