روسی فوج سے حاصل کردہ علاقے میں اجتماعی قبر سے 440 لاشیں برآمد ہوئیں، یوکرین

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2022
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ توپ کے فائر اور کچھ فضائی حملوں سے ہلاک ہوئے— فوٹو: رائٹرز
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ توپ کے فائر اور کچھ فضائی حملوں سے ہلاک ہوئے— فوٹو: رائٹرز

یوکرینی حکام کو شمال مشرق قصبے ازیوم سے ایک ایسی اجتماعی قبر ملی ہے جس میں 440 لاشیں دفن کی گئی تھیں، مذکورہ علاقے کا قبضہ چند دن قبل روسی افواج سے حاصل کرلیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ اس میں گولہ باری اور فضائی حملوں سے ہلاک ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہزاروں روسی افواج گذشتہ ہفتے کے آخر میں خارکیف کے علاقے کو لاجسٹک مرکز کے طور پر استعمال کرنے کے بعد ازیوم چھوڑ گئے تھے، انہوں نے بڑی مقدار میں گولہ بارود اور سامان چھوڑا ہے۔

یوکرین کی وزارتِ دفاع نے ٹوئٹ کیا کہ (روسیوں) سے قبضہ چھڑانے کے بعد ازیوم میں اجتماعی قبر ملی ہے، جس میں 440 لاشیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرین نے مشرق میں روسی افواج سے اہم سپلائی مرکز کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا

خارکیف میں پولیس چیف برائے تحقیقات سرہائی بولونیوف نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ کچھ لوگ توپ کے فائر اور کچھ فضائی حملوں سے ہلاک ہوئے، رائٹرز کو فوری طور پر یوکرینی رپورٹس کی تصدیق نہیں ہوسکی اور روس کی طرف سے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بدھ کو ازیوم کا دورہ کیا تھا، انہوں نے اجتماعی قبر کی دریافت کو جنگی جرائم کے ساتھ جوڑا اور الزام عائد کیا کہ روس نے بوچا کے علاقے میں شہریوں کے ساتھ یہ کیا ہے جہاں روسی افواج حملے کے آغاز کے وقت داخل ہوئی تھی۔

ولودیمیر زیلنسکی نے ویڈیو پر جاری بیان میں کہا کہ روس نے ہر جگہ لاشیں چھوڑی ہیں، اس کو لازمی ذمہ دار ٹھہرانا چاہیے۔

دریں اثنا، روس نے عام شہریوں کو نشانہ بنانے یا جنگی جرائم کرنے کی تردید کی ہے۔

جنوبی علاقے میں کامیابیوں کے ایک ہفتے کے بعد یوکرینی حکام نے کہا کہ کہ روس اپنے دفاع مضبوط کرنے میں مصروف ہے تاہم اسے پیش قدمی کرنے کی رفتار برقرار رکھنا مشکل ہو گا۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اب تک افواج کے نقصان اور پیچھے ہٹنے پر تبصرہ نہیں کیا ہے، یوکرین حکام نے دعویٰ کیا کہ 9 ہزار کلو میٹر کے علاقے کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے، یہ سائز کے اعتبار سے قبرض جزیرے جتنا ہے۔

ایک آدمی نے بتایا کہ بجلی ہے اور نہ ہی مواصلاتی نظام، اگر کمیونیکشن ہوتی تو ہم کم از کم اپنے اہل خانہ سے بات تو کرسکتے تھے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے واشنگنٹن میں یوکرین کی مدد کے لیے 60 کروڑ ڈالر اسلحے کے نئے پیکیج کا اعلاج کیا، جس میں ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ایچ آئی ایم اے آر ایس) بھی شامل ہے، امریکا 24 فروری سے اب تک کیف کو سیکیورٹی مدد کے لیے 15.1 ارب ڈالر بھیج چکا ہے۔

مزید پڑھیں: روس، یوکرین جنگ کئی برسوں تک جاری رہ سکتی ہے، نیٹو سربراہ

یوکرین حکام نے دعویٰ کیا کہ روسی فورسز نے خارکیف شہر اور دیگر علاقوں میں شیلنگ کی۔

تبصرے (0) بند ہیں