کوئٹہ: پود کلی کے قریب دھماکا، ایک شہری جاں بحق

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2022
دھمکاے میں ایک شخص جاں بحق ہوا—فوٹو: ڈان نیوز
دھمکاے میں ایک شخص جاں بحق ہوا—فوٹو: ڈان نیوز

کوئٹہ کے وسطی علاقے پودکلی چوک کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے محکمہ صحت کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ نے واقعے کے حوالے سے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت محمد مراد کے نام سے ہوئی ہے۔

ریکسیو حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

سیکیورٹی حکام کی جانب سے ابھی تک دھماکے کی نوعیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز عبدالحق عمرانی کا کہنا تھا کہ ہم دھماکے کی نوعیت کا پتا لگا رہے ہیں۔

حکومت بلوچستان کے مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے دھماکے کی مذمت کی اور متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

مشیر داخلہ نے کہا کہ واقعے سے خوف پھیلا نے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے لیکن واقعے میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد کریں۔

مشیرداخلہ نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہری کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس مارچ میں کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکے سے ڈی ایس پی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 24 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ڈی آئی جی آپریشن فدا حسین شاہ نے کہا تھا کہ شام 7بجے تھانہ سٹی کی موبائل گزر رہی تھی کہ زور دھماکا ہوا، جس میں 2 سے ڈھائی کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔

یاد رہے کہ 25 فروری کو کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت پولیس کے دو اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس فدا حسین شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شہر کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اور اس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ پولیس کی وین پر فائرنگ کی گئی تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہوا کہ مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ مقامی ہوٹل میں کھانے کے لیے بیٹھے ہوئے تھے۔

اس سے قبل 23 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

کوئٹہ میں 7 فروری کو سریاب روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم کے دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں