بہن کو کالے جادو سے قتل کرنے کے شبہے پر بھائی نے 2 کزنز کو مار ڈالا

20 ستمبر 2022
تلاشی کے دوران پولیس کو انمول اور سلمان کی لاشیں گھر کے صندوقوں میں ملیں—فائل فوٹو: شٹراسٹاک
تلاشی کے دوران پولیس کو انمول اور سلمان کی لاشیں گھر کے صندوقوں میں ملیں—فائل فوٹو: شٹراسٹاک

ایک نوجوان نے اپنے دو نوعمر کزنز کو اس شبے میں قتل کردیا کہ ان کے والدین نے تقریباً ایک دہائی قبل اس کی بہن کو کالے جادو کے ذریعے قتل کر دیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملزم کی شناخت آفتاب عرف چاند کے نام سے ہوئی ہے، جس نے اپنی 19 سالہ کزن انمول اور اس کے 15 سالہ بھائی سلمان کو مار کر ان کی لاشیں اپنے گھر کے صندوقوں میں رکھ دیں۔

یہ بات اس وقت منظر عام پر آئی جب سیالکوٹ کے علاقے ہنٹر پور کے رہائشی جاوید مسیح کے بچے گھر سے اچانک لاپتا ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: 7 سالہ بچی کا قتل کے بعد ریپ، کزن گرفتار

اہل خانہ نے بہن بھائی کی تلاش شروع کی لیکن انہیں کوئی سراغ نہ ملا جس پر جاوید نے اس معاملے کی اطلاع مراد پور پولیس اسٹیشن کو دی جس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔

تفتیشی افسر نے جاوید کے گھر اور اس کے بھائی پرویز مسیح کے گھر کا دورہ کیا، جہاں پرویز کے بیٹے آفتاب نے پولیس کو بتایا کہ اس کے اہلِ خانہ سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے ہیں اور گھر پر کوئی اور موجود نہیں تھا۔

پولیس نے مشکوک حالات کے پیش نظر پرویز کے گھر کی مکمل تلاشی شروع کی تو اس دوران آفتاب فرار ہوگیا۔

تلاشی کے دوران پولیس کو انمول اور سلمان کی لاشیں گھر کے صندوقوں میں ملیں۔

دہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل کامران موقع پر پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں: کراچی: غیرت کے نام پر ملزم نے اپنے کزن کو قتل، بہن کو زخمی کردیا

ضلعی پولیس کے ترجمان خرم شہزاد نے بتایا کہ ڈی پی او نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رانا ندیم طارق کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی جس نے 12 گھنٹے کے اندر ملزم آفتاب کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ آفتاب نے اپنے کزنز کو چاقو سے قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

اس نے پولیس کو بتایا کہ اس کے چچا جاوید کے گھر والوں نے 10 سال قبل اس کی بہن علیشا کو کالے جادو سے قتل کیا تھا اور اس نے اپنی بہن کے قتل کا بدلہ لے لیا ہے۔

مراد پور پولیس نے جاوید کی شکایت پر چار افراد، نامی آفتاب اور تین نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں