نیب کا 50کروڑ روپے مالیت سے کم کے مقدمات کی تحقیقات نہ کرنے کا اعلان

22 ستمبر 2022
نیب نے قانون میں ترمیم کے سبب متعدد ریفرنسز چیئرمین نیب کو واپس بھیجے ہیں— فائل فوٹو بشکریہ نیب ویب سائٹ
نیب نے قانون میں ترمیم کے سبب متعدد ریفرنسز چیئرمین نیب کو واپس بھیجے ہیں— فائل فوٹو بشکریہ نیب ویب سائٹ

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے قانون میں نئی ​​ترامیم کو صحیح معنوں میں نافذ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد بیورو نے اعلان کیا کہ وہ 50کروڑ روپے مالیت سے کم کے بدعنوانی کے مقدمات کی تحقیقات نہیں کرے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیب کے چیئرمین آفتاب سلطان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں احتساب کے نگران ادارے نے کہا کہ وہ ایسے کیسز سے بھی دور رہے گا جن میں 100 سے کم لوگوں متاثر ہوئے یا انہیں نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: نیب آرڈیننس ثانوی ترمیمی بل قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی منظور

نیب ہیڈکوارٹر کی طرف سے جاری کردہ سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ نئے نافذ کردہ قانون کو مکمل طور پر لاگو کیا جائے گا، 50کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم یا کم از کم 100 متاثرہ افراد کے لیے بدعنوانی سے متعلق کیسز کا نوٹس لیا جائے گا۔

احتساب عدالتوں کی جانب سے نئے قانون میں ترمیم کے نتیجے میں دائرہ اختیار نہ ہونے کی وجہ سے واپس بھیجے گئے مقدمات کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ ان مقدمات کو اینٹی کرپشن کورٹس سمیت متعلقہ فورمز کو بھیجا جائے گا تاہم نجی افراد کی شکایات پر مبنی ریفرنس دائرہ اختیار کے مطابق قانون کے مطابق کارروائی کے لیے شکایت کنندگان کو واپس کر دیے جائیں گے۔

احتساب عدالتوں نے ترمیم شدہ قانون سازی اور اسے مجاز دائرہ اختیار کی عدالت کے سامنے رکھنے کی ہدایت کے ساتھ حال ہی میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز، سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف اور راجا پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹس کے ریفرنس سمیت متعدد ریفرنسز چیئرمین نیب کو واپس بھیجے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم، حمزہ شہباز کےخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو بھیجنے کا حکم

3 اگست کو قومی اسمبلی نے ایک قانون پاس کیا جس میں نیب کے اختیارات کو مزید کم کردیا گیا ہے اور اس کے تحت 50 کروڑ روپے سے کم کے تمام کیس اس کے دائرہ کار میں نہیں آئیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں