راولپنڈی: سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی گرفتار

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2022
جمشید دستی کے خلاف مظفر گڑھ میں ٹرک ڈرائیور ایسوسی ایشن نے مقدمہ درج کروایا تھا — فائل فوٹو: آئی این پی
جمشید دستی کے خلاف مظفر گڑھ میں ٹرک ڈرائیور ایسوسی ایشن نے مقدمہ درج کروایا تھا — فائل فوٹو: آئی این پی

راولپنڈی پولیس نے رات گئے پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو گرفتار کرلیا۔

جمشید دستی کے خلاف تھانہ محمود کوٹ ضلع مظفر گڑھ میں ٹرک ڈرائیور ایسوسی ایشن نے مقدمہ درج کروایا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق ان پر 38 لاکھ روپے کی خیانت کا الزام ہے، اس مقدمے میں جمشید دستی کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'غیرت کے نام پر قتل' کے مقدمے میں جمشید دستی نامزد

گزشتہ رات سابق رکن قومی اسمبلی نے اپنے قومی شناختی کارڈ کے ساتھ راولپنڈی کے ایک ہوٹل میں چیک ان کیا جس پر راولپنڈی پولیس کو اشتہاری مجرم کی وہاں موجودگی سے آگاہ کیا گیا۔

اس کے بعد راولپنڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جمشید دستی کو گرفتار کرلیا، مظفر گڑھ پولیس جمشید دستی کو تحویل میں لینے کے لیے راولپنڈی روانہ ہوچکی ہے جہاں وہ انہیں اپنی حراست میں لے گی۔

واضح رہے کہ جمشید دستی پہلی مرتبہ 2008 کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ 2013 کے انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا اور کامیاب ہوئے۔

مزید پڑھیں: سابق رکن اسمبلی جمشید دستی کے خلاف تشدد اور بھتہ خوری کا مقدمہ درج

جعلی ڈگری پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا اور اسی معاملے پر جیل بھی گئے، لیکن ضمنی الیکشن میں این اے 178 سے دوبارہ منتخب ہوگئے تھے۔

انہوں نے 2013 میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی لیکن 2018 کے انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں