ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

28 ستمبر 2022
فلم 18 نومبر کو ریلیز کی جائے گی—پرومو فوٹو
فلم 18 نومبر کو ریلیز کی جائے گی—پرومو فوٹو

ہدایت کار، لکھاری و اداکار صائم صادق کی ’کانز فلم فیسٹیول‘ ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کو رواں برس نومبر میں پاکستان بھر کے سینماؤں میں پیش کیا جائے گا۔

صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو رواں برس مئی میں فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اسے کانز کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

جوائے لینڈ کو ’کانز: کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔

’جوائے لینڈ‘ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ’کوئیر پام‘ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

علاوہ ازیں مذکورہ فلم کو ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی میلوں میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور فلم نے دیگر عالمی ایوارڈز بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔

فلم کی ٹیم نے رواں برس جولائی میں اعلان کیا تھا کہ ’جوائے لینڈ‘ کو پاکستان میں بھی ریلیز کیا جائے گا اور اب اس کی نمائش کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’جوائے لینڈ‘ کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا اعلان

ہدایت کار صائم صادق نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے فلم کو 18 نومبر کو پاکستان بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’جوائے لینڈ‘ کو کھوسٹ فلم کے بینر تلے ریلیز کیا جائے، ساتھ ہی کھوسٹ فلم کے انسٹاگرام پر بھی فلم کی نمائش کا اعلان کیا گیا۔

’جوائے لینڈ‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالی ایوارڈ دیا گیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں