ٹیکسلا: نو عمر بیٹی کے ریپ کے الزام میں باپ کے خلاف مقدمہ درج

29 ستمبر 2022
والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی غیر موجودگی میں شوہر  نے 14 سالہ بیٹی کو ریپ کا نشانہ بنایا—فائل فوٹو/ شٹر اسٹاک
والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی غیر موجودگی میں شوہر نے 14 سالہ بیٹی کو ریپ کا نشانہ بنایا—فائل فوٹو/ شٹر اسٹاک

ٹیکسلا کے علاقے تھانہ واہ صدر کی حدود میں ایک شہری کے خلاف اپنی نو عمر بیٹی کے مبینہ ریپ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچی کی والدہ نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کے شوہر نے ان کی 14 سالہ بیٹی کو اس وقت ریپ کا نشانہ بنایا جب وہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔

متاثرہ بچی کا طبی معائنہ کرنے کے بعد پولیس نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس کے ساتھ ریپ کیا گیا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: نوعمر لڑکی کے اغوا کیس میں ریپ کی دفعات شامل

علاوہ ازیں ٹیکسلا پولیس نے 2 خواتین اساتذہ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

شیرباز خان نامی شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک پرائیویٹ اسکول میں پڑھانے والی ان کی 2 بیٹیاں گھر واپس آرہی تھیں کہ 2 افراد نے ان کا راستہ روکا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور دوستی کی پیشکش سے انکار پر ان پر تیزاب پھینک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوعمر لڑکی کا کئی ماہ تک ریپ کرنے کے الزام میں چینی شہری گرفتار

علاوہ ازیں فتح جنگ پولیس نے ایک شخص کو اپنی بیوی کو دھمکیاں دینے اور بندوق کی نوک پر یرغمال بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کا شوہر انہیں گھریلو مسائل پر شدید تشدد کا نشانہ بناتا ہے، گزشتہ روز ملزم نے اپنی بیوی پر پستول تان لی اور اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی، تاہم وہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی اور پولیس کو معاملے کی اطلاع دی۔

بعدازاں پولیس نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا اور مقدمہ درج کرنے کے بعد اسے جیل بھیج دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں