عمران خان کی آڈیو لیک نے غیر ملکی سازش کے بیانیے کو ’چور چور‘ کردیا، وزیراعظم

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2022
وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے پوری اپوزیشن کو غدار قرار دیا— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے پوری اپوزیشن کو غدار قرار دیا— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی آڈیو لیک نے ان کی حکومت کے خاتمے میں غیر ملکی سازش کے الزامات کو چور چور کردیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارہ کہو مری روڈ پر گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے لیکن اس منصوبے سے شہر میں ٹریفک کا رش ختم ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 اعشایہ 4 کلو میٹر طویل منصوبے کو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے، بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کا کنٹریکٹ شفاف نیلامی کے ذریعے دیا گیا اور کمپنی کو منصوبے کی کوالٹی معیاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-امریکا تعلقات باہمی احترام کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، وزیراعظم

شہباز شریف نے کہا کہ منصوبہ تیار کرنے والی کمپنی کو ہدایت دی گئی ہیں کہ وہ اس منصوبے کو 3 ماہ میں مکمل کرے، ایسے منصوبے 3 ماہ کے بجائے ڈیڑھ ماہ میں مکمل ہوتے رہے ہیں۔

'عمران نیازی جیسا عیار و مکار نہیں دیکھا'

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سابق حکومت نے ملک میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے بجائے ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر لوگوں کے ساتھ دن رات جھوٹ بولا اور جھوٹ بولنے، دھوکا دینے، لوگوں کو ورغلانے کا وہ سلسلہ اور مشغلہ شروع کیا جو آج تک جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 40 سال سے سیاست کے میدان میں جدوجہد کر رہا ہوں لیکن آج تک عمران نیازی جیسا جھوٹا، عیار و مکار شخص نہیں دیکھا، اس کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا، اللہ اس کو عزت دی، کسی نے سوچا نہیں تھا کہ جب یہ شخص سیاست میں آئے گا تو یہ سر تا پا جھوٹ میں ڈوبا ہوگا، قوم کو دھوکا دے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری مخلوط حکومت آئینی طریقے سے آئی تو اس نے کس طرح سے ملک و قوم کا مفاد داؤ پر لگا کر جھوٹ بولا، دو روز قبل آڈیو لیک ہوئی جس میں پتا چلا کہ کس طرح وہ اپنے سیکریٹری کو پاکستان کے خلاف سازش کی ترغیب دے رہا ہے اور پرنسپل سیکریٹری دو ہاتھ آگے جاکر کہتا ہے کہ منٹس تو میں نے بنانے ہیں، وہ بطور وزیر اعظم کہتا ہے کہ ہم نے نام نہیں لینا، میں نے اس پر کھیلنا ہے، پھر 5 مہینے اپنی حکومت کے خلاف سازش کا راگ الاپتا رہا۔

مزید پڑھیں: افسوس ہے مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالا حالانکہ ہم اس کے ذمہ دار نہیں تھے، وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے پوری اپوزیشن کو غدار قرار دے دیا اور کہا کہ انہوں نے دوسرے ملک کے ساتھ ساز باز کی اور یہ امپورٹڈ حکومت ہے لیکن پھر دنیا نے دیکھا کہ اس کا جھوٹا بیانیہ چور چور ہوگیا۔

'آڈیو لیک سے عمران نیازی دنیا کا جھوٹا ترین شخص ثابت ہوگیا'

شہباز شریف نے کہا کہ آڈیو لیک آنے کے بعد اس میں کوئی شک نہیں رہا کہ یہ پاکستان کے خلاف بدترین سازش تھی، اس نے قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کی، اداروں کو تقسیم کرنے کی سازش کی لیکن بدترین سازش پاکستانی سیاستدانوں کو غدار قرار دینے کی سازش تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں بیان دیا تھا کہ اگر ہمارے خلاف سازش کے الزامات ثابت ہوجائیں تو ہمیں سولی پر لٹکایا جائے اور یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی کہ یہ الزامات بے بنیاد تھے، لیکن قوم کے 5 ماہ ضائع ہوگئے، قوم کو تقسیم کردیا گیا، زہریلا پروپیگنڈا کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کا حکم

وزیراعظم نے کہا کہ ان عالمی رہنماؤں نے بھی ہم سے پرتپاک انداز میں ملاقاتیں کیں جن کے بارے میں یہ کہتا تھا کہ کیونکہ میں ان کے ساتھ تعلقات بنا رہا تھا، اس لیے میرے خلاف سازش کی گئی، وہ رہنما بھی ہم سے ملے اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جس سے واضح ہوگیا کہ سازش کے الزامات میں دم خم نہیں، لیکن پرسوں آڈیو سامنے آنے کے بعد ثابت ہوگیا کہ یہ دنیا کا جھوٹا ترین شخص ہے۔

'کوشش ہے مہنگائی کم، معیشت مضبوط کی جائے'

انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک کے رہنماؤں نے مجھے ذاتی طور پر کہا کہ کس طرح سے اس تکبر سے بھرے شخص نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو خراب کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان کی نااہلی کے باعث ہونے والی مہنگائی کا بوجھ ہمیں اٹھانا پڑا، ہم نے یہ بھاری ذمہ داری پاکستان کو بچانے کے لیے لی، ریاست کے اوپر ہم نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں مہنگائی کم کی جائے، معیشت کو مضبوط کیا جائے، ہمارے پاس نہ تیل ہے نہ گیس ہے جو گیس تھی وہ ختم ہوچکی، تیل و گیس امپورڈ کرتے ہیں، محدود وسائل کے باوجود ہم اس پر اربوں ڈالر خرچ کرتے ہیں لیکن گھبرانے اور پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں، ہم ہمارے پاس مضبوط فوج، ایٹمی طاقت اور قابل لوگوں سمیت ہر چیز موجود ہے، اب ہمیں صرف دن رات ایمانداری سے محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں