• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:29pm

شرمین عبید چنائے سائنس فکشن ہولی وڈ فلم کی ہدایات دینے کو تیار

شائع September 30, 2022
فوری طور پر شرمین عبید چنائے خبر پر کوئی رد عمل نہیں دیا—فائل فوٹو: رائٹرز
فوری طور پر شرمین عبید چنائے خبر پر کوئی رد عمل نہیں دیا—فائل فوٹو: رائٹرز

فلمی دنیا کے معتبر ترین ایوارڈ ’آسکر‘ اور ’ایمی‘ ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کے حوالے سے خبریں ہیں کہ وہ جلد ہی ممکنہ طور پر اپنی پہلی سائنس فکشن ہولی وڈ فلم کی ہدایات دیتی دکھائی دیں گی۔

شرمین عبید چنائے نے اپنی دستاویزی فلموں پر دو آسکر ایوارڈز جب کہ 4 ایمی ایوارڈز جیت رکھے ہیں جب کہ حال ہی میں انہوں نے پہلی میگا بجٹ ہولی وڈ امریکی سائنس فکشن ویب سیریز ’مس مارول‘ کی ہدایات بھی دی تھیں۔

اب خبر سامنے آئی ہے کہ ممکنہ طور پر وہ سائنس فکشن فلم کے ذریعے ہولی وڈ میں ڈائریکٹوریل ڈیبیو کریں گی۔

شوبز ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شرمین عبید چنائے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ول اسمتھ سمیت دیگر افراد کی جانب سے پروڈیوس کی جانے والی سائنس فکشن فلم ’بریلینس‘ (Brilliance) کی ہدایات دیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’بریلینس‘ (Brilliance) کی کہانی مارکس سیکی کے اسی نام کے ناول سے ماخوذ ہے، جس کی فلمی کہانی اکیوا گولڈس مین لکھیں گے جو کہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہوں گے۔

رپورٹ میں کسی مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ فلم کو ول اسمتھ سمیت متعدد افراد پروڈیوس کریں گے اور اسے پیراماؤنٹ پکچر کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

شرمین عبید چنائے نے حال ہی میں مس مارول نامی ویب سیریز کی ہدایات بھی دی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
شرمین عبید چنائے نے حال ہی میں مس مارول نامی ویب سیریز کی ہدایات بھی دی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ممکنہ طور پر فلم میں ول اسمتھ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، کیوں کہ ابتدائی بات چیت میں انہیں کاسٹ کرنے کی کوئی بات نہی ہوئی۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شرمین عبید چنائے اس وقت مذکورہ فلم کو پروڈیوس کرنے والی مختلف کمپنیوں سے بات چیت میں مصروف ہیں اور ممکنہ طور پر آئندہ چند ہفتوں میں معاملات طے پا جائیں گے۔

رپورٹ میں فلم کے حوالے سے مزید کوئی معلومات نہیں دی گئی، تاہم بتایا گیا کہ مذکورہ فلم کے ذریعے شرمین عبید چنائے ہولی وڈ میں ڈائریکٹوریل ڈیبیو کریں گی اور ان کے ساتھ کام کرنے پر ول اسمتھ بہت پرجوش ہیں۔

اگر شوبز ویب سائٹ کی خبریں درست ثابت ہوئیں تو مذکورہ فلم کے حوالے سے رواں برس کے اختتام تک مزید مصدقہ معلومات سامنے آجائے گی اور ممکنہ طور پر فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع کردی جائے گی اور اسے 2024 کے آغاز تک ریلیز کیا جا سکتا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ali Sep 30, 2022 06:09pm
Waoo she is amazing, more power to her. Can’t wait for movie.

کارٹون

کارٹون : 13 نومبر 2024
کارٹون : 12 نومبر 2024