جسپریت بمراہ کا انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2022
بھارتی باؤلر جسپریت بمراہ انجری کی وجہ سے ایشیا کپ سے بھی باہر ہوگئے تھے— فائل فوٹو: رائٹرز
بھارتی باؤلر جسپریت بمراہ انجری کی وجہ سے ایشیا کپ سے بھی باہر ہوگئے تھے— فائل فوٹو: رائٹرز

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جسپرت بمراہ ہوم گراؤنڈ پر جاری جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں انجری کا شکار ہوگئے ہیں، جس کے بعد اگلے ماہ آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق محدود اوورز کی کرکٹ میں بھارت کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 28 سالہ باؤلر جسپریت بمراہ حال ہی میں انجری کی وجہ سے ایشیا کپ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔

جسپریت بمراہ نے رواں ماہ آسٹریلیا کے خلاف 20 اوورز کے میچوں کی ہوم سیریز کھیلی تھی مگر اچانک سے انجری کا شکار ہونے کے باعث وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کے بقیہ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی سے محروم ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: انجری کے سبب صہیب ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر، شعیب ملک کی شمولیت

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ جسپریت بمراہ ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں جہاں 2007 ورلڈ کپ کا چیمپیئن بھارت اپنے روایتی حریف پاکستان کے خلاف 23 اکتوبر کو میلبورن کے میدان میں اپنی مہم شروع کرے گا۔

دوسری جانب بی سی سی آئی کے ترجمان نے باؤلر کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کی تصدیق سے انکار کردیا جبکہ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا کہ جسپریت بمراہ صرف جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے باہر ہیں۔

جے شاہ نے کہا کہ جسپریت بمراہ انجری سے دوچار ہیں، جن کا بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔

جسپریت بمراہ کی جگہ اب محمد سراج جنوبی افریقہ کے خلاف اگلے دونوں میچوں میں بھارتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ بھارت نے رواں ماہ کے شروع میں آسٹریلیا کو ٹی20 سیریز میں1-2 سے شکست دی تھی جبکہ اب جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاک ۔ بھارت ٹاکرا 23 اکتوبر کو ہوگا

تاہم ورلڈ کپ سے قبل بھارتی ٹیم کی باؤلنگ میں مسائل کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں جہاں بھونیشور کمار اور ارشدیپ سنگھ کے فائنل اوورز میں بھارت کو رنز روکنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اسی لیے بھارت کو جسپریت بمراہ کے انجری سے بحالی کی امید تھی۔

بھارتی ٹیم کو جسپریت بمراہ کے علاوہ بلے باز دیپک ہودا کی فٹنس کے حوالے سے بھی پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں انجری کی وجہ سے وہ باہر ہوگئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں