امپورٹڈ حکومت دھمکیاں دینے کے بجائے جیل میں ڈال ہی دو، عمران خان

اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2022
— فوٹو: اسکرین شاٹ / پی ٹی آئی یوٹیوب
— فوٹو: اسکرین شاٹ / پی ٹی آئی یوٹیوب

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے تیسری دفعہ میرے گھر پولیس بھیجی ہے، دھمکیاں دینے کے بجائے پکڑ کے جیل میں ڈال ہی دو۔

ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ساری قوم کو گواہ بنا کر پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس ملک میں حقیقی آزادی کی تحریک چل پڑی ہے، تم جتنے مرضی لوگوں کو جیلوں میں ڈال لو، تمہارے پاس اتنی جیلیں نہیں ہیں، قوم تیار ہے، میں بھی تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ غلام سرور خان آپ میرے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے، آپ کے حلقے میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس طرح کے سیاست دان چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی بریچ ہوئی ہے، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ عمران خان

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو پیغام دینا چاہتا ہوں انہوں نے تیسری دفعہ میرے گھر پولیس بھیجی ہے، امپورٹڈ حکومت سن لو، بجائے دھمکیاں دینے کے پکڑ کے جیل میں ڈال ہی دو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں جیلوں سے خوف ہے نہ ہی نامعلوم ٹیلی فون دھمکیوں سے، ہر دوسرے روز ہمیں ڈرانے کی کوشش کی جاتی ہے، سب سن لو پاکستانی قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے۔

'کپتان حقیقی آزادی کے لیے جان کی قربانی دینے کیلئے بھی تیار ہے'

سابق وزیراعظم نے کہا کہ قوم کا کپتان بھی تیار ہے، ہمارے لیے جیل تو چھوٹی سی چیز ہے، قوم کا کپتان اپنی حقیقی آزادی کے لیے جان کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 28 مارچ کو ساری قوم کو ایک مراسلہ دکھایا جس میں سازش واضح تھی کہ امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ نے پاکستانی سفارت کار کو حکم دیا کہ تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کو ہٹایا جائے تو تمہیں معاف کر دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: میری آڈیو لیک کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں مراسلہ لے کر گیا، اسمبلی میں بھجوایا، اسپیکر نے چیف جسٹس کو بھیجا، اسی طرح صدر مملکت نے بھی چیف جسٹس کو مراسلہ بھیجا کہ انکوائری ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت بار بار کہتی تھی کہ کوئی خط نہیں ہے، ان کے ساتھ میڈیا مل گیا، انہوں نے بھی کہا کہ مراسلہ نہیں ہے، میں چیری بلاسم (شہباز شریف) اور مریم نواز آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے سائفر کو اٹھا دیا، اب پوری قوم کے سامنے آ گیا کہ جو میں کہہ رہا تھا وہ سچ ہے۔

’نیا ڈراما ہو رہا ہے کہ سائفر گم گیا ہے‘

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ نیا ڈراما ہو رہا ہے کہ سائفر گم گیا ہے، مریم بی بی سائفر گم نہیں ہوا کیونکہ پتا چل جائے گا کہ آپ کے والد اور چاچا نے امریکیوں کے ساتھ مل کر سازش کرکے ہماری حکومت گرائی، اب دفتر خارجہ سے پوچھیں وہاں پر سائفر کی ماسٹر کاپی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سائفر پر تو ابھی میں نے کھیلا ہی نہیں، مبینہ آڈیو لیک پر عمران خان کا ردعمل

انہوں نے کہا کہ میں اس قوم کو سڑکوں پر اس لیے نکالنے لگا ہوں کہ انہوں نے اپنی چوری بچانے کے لیے اس ملک کا اتنا بڑا نقصان کیا ہے، انہوں نے قانون میں جو تبدیلیاں کی ہیں، اس سے طاقت ور لوگ چوری کریں گے تو پکڑے نہیں جاسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو اس سازش کو کامیاب ہونے سے روک سکتے تھے، میرا سب سے سوال ہے کہ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ قوم آپ کو معاف کردے گی کہ آپ نیوٹرل ہیں، قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔

'طاقتور حلقوں سے ڈیل کے بغیر اسحٰق ڈار کبھی پاکستان نہیں آسکتا تھا'

عمران خان نے کہا کہ ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، لوگوں کو مہنگائی کی دلدل میں پھنسا دیا، ان چوروں کو اوپر بیٹھا کر ان کے کیسز معاف ہو گئے، اور ہم کہیں کہ جی میں تو نیوٹرل ہوں، قوم ان اداروں کی طرف دیکھتی ہے جو ان چوروں کو روک سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے زیادہ بزدل آدمی کا نام اسحٰق ڈار ہے، ڈار کی کانپیں ٹانگتی ہیں، میں مان ہی نہیں سکتا کہ جب تک اس سے ڈیل نہیں ہوئی اور طاقتور حلقوں نے اس کو این آر او کی ڈیل نہیں دی اور دلاسہ نہیں دیا کہ فکر نہ کرو تمہیں پکڑا نہیں جائے گا تب تک وہ گیڈر کبھی پاکستان نہیں آسکتا تھا۔

مزید پڑھیں: اسحق ڈار کا راستہ نظام انصاف روک سکا نہ انہوں نے روکا جو ملک کے محافظ ہیں، عمران خان

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ اس ملک میں حقیقی آزادی کے لیے مارچ کا جو میرا پلان بن رہا ہے، اس کے لیے آپ سب نے تیاری کرنی ہے کیونکہ زنجیریں گرتی نہیں ہیں ان کو توڑنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک تحریک پاکستان بنانے کے لیے تھی، 75 سال کے بعد پاکستان کو حقیقی طور پر آزاد کرنے کے لیے یہ دوسری تحریک ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آپ لوگوں نے ظلم اور ناانصافی کا مقابلہ کرنا ہے، آپ نے ظالم سے خوف زدہ نہیں ہونا، اگر آپ ظلم کے خلاف نہیں کھڑے ہوں گے تو معاشرے میں ظلم بڑھ جائیں گے۔

عدالت کی جانب سے مریم نواز کو بری کرنے کے حوالے سے حسین شریف کی ویڈیو دکھاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حسین شریف خود کہہ دیتے ہیں کہ 4 محلات مریم نواز کے ہیں، اب یہ سمجھائیں کہ عدالت نے اسے کیسے بری کردیا؟

ان کا کہنا تھا کہ کپتان تیاری کر رہا ہے، رانا ثنااللہ اور شہباز شریف تیار ہو جاؤ، مجھے تو آپ کے پلان کا پتا ہے لیکن آپ کو میرے پلان کا نہیں پتا، تیاری کر رہا ہوں پھر ایک دم کال دوں گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں