نئے آرمی چیف کے تقرر کا عمل رواں مہینے کے آخر میں شروع ہوگا، خواجہ آصف

اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2022
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وضاحت کے بعد ابہام دور ہوا ہے— فوٹو: اے پی پی
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وضاحت کے بعد ابہام دور ہوا ہے— فوٹو: اے پی پی

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے تقرر کا عمل مہینے کے آخر یا نومبر کے آغاز میں شروع ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وضاحت کے بعد ابہام دور ہوا ہے، آہستہ آہستہ سارے ابہام دور ہوجائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کی سمری سے متعلق پہلے دو تجربات کے مطابق نئے آرمی چیف کے تقرر کا عمل مہینے کے آخر یا نومبر کے آغاز میں شروع ہو جائے گا، نواز شریف نے یہ روایت رکھی تھی کہ جانے والے آرمی چیف کو اتنا ٹائم ملنا چاہیے تاکہ وہ ایک پروٹوکول کے ساتھ رخصت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے لیے پانچ جرنلوں کے نام آتے ہیں، ماضی میں اس کے علاوہ لوگوں کی تقرری بھی ہوئی ہے، جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کی طرف سے آرمی چیف کے لیے جو نام آتے ہیں ان کی اپنی اہمیت ہوتی ہے لیکن پھر بھی وزیراعظم کی صوابدید ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روس نے پاکستان کو گیس کے ساتھ ساتھ گندم فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی، خواجہ آصف

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے جلسے میں ایک مرتبہ پھر و ہی باتیں دہرائی ہیں، یہ باتیں گزشتہ چار ماہ سے تواتر کے ساتھ کرتے آرہے ہیں، بہت سی چیزیں ایسی کہیں ہیں جو پاک فوج اور اسٹیبلشمنٹ سے متعلق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جو آڈیو ٹیپ لیک ہوئی ہے اس میں عمران خان کی ساری جعلسازی سامنے آگئی ہے، عمران خان کو آڈیو لیک کے بعد تھوڑی شرم حیا کرنی چاہیے، اس کے بعد بھی کہتے ہیں کہ امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ نے پاکستانی سفیر کو حکم دیا تھا کہ عمران خان کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹا کر شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا جائے، عمران خان جھوٹ کو تواتر کے ساتھ بول کر سچ ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آڈیو لیک کے بعد عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ اور کہا کہ اگر گھر پر ڈاکا پڑ جائے تو چوکیدار کو معاف کریں گے؟ دراصل تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہم نے چوروں اور ڈکیتوں کی حکومت کو گھر بھیجا ہے، بعض حلقے کہتے ہیں کہ کوئی کارروائی نہیں ہو رہی، ہم یہ چاہتے ہیں کہ تمام امور قانون اور قاعدے کے مطابق ہوں تاکہ کوئی ریلیف نہ مل سکے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج قانون اورآئین کے تابع ہیں وہ کسی شخص کے اقتدار کی حفاظت یا چوکیداری کے لیے مامور نہیں ہیں، افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔

‘پاکستان کی سیاست میں وہ نیوٹرل ہوئے ہیں، قوم ان کے ساتھ ہے’

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی قربانیاں دی ہیں اتنی کسی ملک کی فوج نے قربانیاں نہیں دیں، ہماری سرحدوں کے محافظ کسی چور کی حفاظت پر مامور نہیں ہیں، پاکستان کی سیاست میں وہ نیوٹرل ہوئے ہیں تو پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں حکومتی تبدیلی سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا، وزیر دفاع

ان کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں کہ سائفر کی اصل کاپی دفتر خارجہ میں ہے، عمران خان کے پاس جو کاپی تھی وہ کہاں ہے؟ وزیر دفاع نے کہا کہ سائفر پاکستان کی سلامتی اور بین الاقوامی تعلقات سے متعلق ہوتا ہے، اس کا کاغذ پہلے پاس رکھا اور پھر کہا کہ پتا نہیں کہاں گیا، میں نے آج تک کبھی ایسا شخص نہیں دیکھا، یہ شخص اپنے محسنوں کے ہاتھ کاٹتا رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اقتدار جتنی دیر بھی رہا وہ کس کا مرہون منت تھا اور آج کیا زبان استعمال کر رہا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ آپ نیوٹرل ہیں تو قوم معاف نہیں کرے گی، ہماری جدوجہد چار فوجی ادوار میں یہ رہی کہ ادارے آئین کے تحت نیوٹرل ہوجائیں اور اگر آج وہ ادارے نیوٹرل ہیں تو عمران خان کہتے ہیں کہ قوم معاف نہیں کرے گی۔

'منتیں کرنے والے شخص کو نومبر کا ڈر ہے'

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ کیس معاف ہوگئے ہیں، واقعی حکومت پنجاب نے فرح گوگی کے کیسز معاف کیے ہیں، جو آج کل امریکا یا کسی اور ملک میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلسوں میں جھوٹ، سیکیورٹی فورسز کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال کر نے اور اندرون خانہ منتیں کرنے والے شخص کو نومبر کا ڈر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے دروازے کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں، خواجہ آصف

ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں پی ٹی آئی نے کیا زبان استعمال کی وہ سب کے سامنے ہے، کچھ روز قبل بھی ایک ہیلی کاپٹر حادثہ ہوا ہے اس پر تعزیت تک نہیں کی، قوم کا اس وقت افواج کے ساتھ کھڑا ہونا ہم سب کا فرض ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی بھی جاری ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پورے ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے، فلاحی ادارے، حکومت اور تنظیمیں کام کر رہی ہیں، افواج پاکستان قوم کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان کی مدد کر رہی ہیں، اس صورتحال میں کہیں بھی عمران خان نظر نہیں آیا، اس مشکل وقت میں بھی عمران خان جلسے کر رہا ہے، اقتدار کی ہوس نے انہیں پاگل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مراحل آئین اور قانون کے تحت طے پائیں گے، وقت پر الیکشن ہوں گے، نومبر بھی خیر خیریت کے ساتھ آئین اور قانون کے تحت عبور ہوگا، عمران خان کی منتیوں اور بڑھکوں کے درمیان فرق کو عوام جان چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان بتائیں پاکستان آرمی میں کب میرٹ پر تقرریاں نہیں ہوئیں، خواجہ آصف

ان کا کہنا تھا کہ جو چیزیں عوامی بحث کا موضوع نہیں بننا چاہیں، سائفر ہوتا ہی سیکرٹ ہے، عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ اس عہدے کے اہل ہی نہیں ہے، سیکرٹ ایکٹ اور حلف کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب آر ٹی ایس بیٹھ جاتا ہے تو پھر ایسے لوگ اوپر آجاتے ہیں یہ بدقسمتی ہوتی ہے، حکومت عمران خان کے ساتھ کارروائی ضرور کرے گی، عمران خان ججز بحالی تحریک میں تین دن بھی جیل نہیں رہ سکتے، اب بھی پتا چل جائے گا کہ یہ بڑھکیں کب تک مارتے رہیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ بطور وزیر دفاع میرا یہ فرض ہے کہ جب فوج کے خلاف مہم چلائی جائے تو ہم فوج کا دفاع کریں، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا ہاتھ ڈالا جائے تو پھر ریلیف نہ مل سکے۔

‘آڈیو لیکس آئی ہیں اس سے عمران خان کا دوغلا پن سامنے آیا’

انہوں نے کہا کہ ابھی تک جوبھی آڈیو لیکس آئیں ہیں ان میں وزیر اعظم کی جو بات چیت ہے اس میں ہماری ایسی کوئی بات چیت نہیں ہے، عمران خان کی جو لیکس آئی ہیں اس سے عمران خان کا دوغلا پن سامنے آگیا ہے، ہمارے سیکیورٹی اداروں نے فول پروف نظام بنایا ہوا ہے، کسی دوسرے ملک کے ہاتھ لگنے کا خدشہ نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنا بول رہے ہیں اس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ ہمارے ادارے واقعی نیوٹرل ہوچکے ہیں، اگر ہم آگے دیکھیں کہ آنے والے دنوں میں ہماری افواج عدلیہ، پارلیمنٹ، میڈیا، ایگزیکٹو آئین اور قانون کے مطابق کام کر رہے ہیں تو ان کی عزت و احترام پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں